
سلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان اور آئی ایم ایف حتمی ڈیل کے قریب پہنچ گئے،جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات اور مسلسل رابطوں کی وجہ سے آئی ایم ایف پروگرام کے سلسلے میں پیشرفت ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نویں جائزے اور پروگرام بحالی کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور ہو گئیں،ہفتے کی صبح آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کی ٹیم نے نئے ڈرافٹ کو حتمی شکل دی۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مزید کوئی مسئلہ اور تکنیکی دقت نہ ہوئی تو نواں جائزہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پیرس میں رابطوں اور ملاقاتوں سے بریک تھرو ہوا،جبکہ وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 دن سے مذاکرات جاری تھے۔
یاد رہے کہ دورہ پیرس کے دوران زیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ملاقات کی تھی،ملاقات عالمی مالیاتی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ہوئی جس میں آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے 27 مئی کو ہونے والے ٹیلیفونک رابطے کا بھی ذکر کیا،جبکہ معاشی استحکام اور بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں آئی ایم ایف پروگرام کے نویں جائزہ کیلئے تمام پیشگی اقدامات کر لیے ہیں،پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی تکمیل کیلئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ امید ہے پاکستان کیلئے مختلف فنڈز جاری کر دئیے جائیں گے۔ آئی ایم ایف معاہدے کی تکمیل سے معاشی استحکام میں مدد ملے گی،آئی ایم ایف فنڈز سے پاکستان کو ریلیف بھی ملے گا۔
Comments