
لاہور (نیوزڈیسک) توشہ خانہ کیس،لاہور ہائیکورٹ نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے عمران خان کی درخواست خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے عمران خان کے وکیل کو آئینی پیٹشن دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔ وکیل اشیاق اے خان نے بتایا کہ نیب کی جانب سے 22 جون کا نوٹس موصول ہوا،پہلے ملنے والے نوٹس کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ آپ اسلام آباد کب جانا چاہتے ہیں؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ 4 جولائی کو کیسز لگے ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ آپ کو آئینی پیٹنشن دائر کرنی چاہیے تھی،اشتیاق اے خان نے کہا کہ ہم نے اسی کو آئینی پیٹنشن میں تبدیل کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 23 جون کو طلب کیا تھا،عمران خان کو کیس سے متعلق دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی۔
نیب نوٹس میں کہا گیا کہ عمران خان کو بطور وزیراعظم 108 تحائف ملے،چیئرمین پی ٹی آئی نے 58 تحائف توشہ خانہ میں جمع نہ کرائے۔ نیب نے عمران خان کو موجود تحائف بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی۔ عمران خان کو اس سے پہلے بھی طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے،چیئرمین پی ٹی آئی 23 جون کو 11 بجے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو لیہ اراضی سکینڈل میں اینٹی کرپشن نے جمعرات کو طلب کر رکھا تھا۔ترجمان اینٹی کرپشن نے کہا کہ عمران خان کو پیش ہونے کے لئے آخری موقع دیا گیا۔ ایڈووکیٹ علی اعجاز نے بھی زمان پارک میں اینٹی کرپشن کا طلبی کا نوٹس وصول کیا۔ ترجمان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے اراضی سکینڈل میں ملوث ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں۔
Comments