
لاہور (نیوزڈیسک) آئی ایم ایف معاہدہ ہونے پر ایک طبقے میں صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے آئی ایم ایف معاہدے ہونے پر منفی ردِعمل دینے والوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈیفالٹ تک پہنچانے والے سیاسی بازی گر پاکستان کو ڈوبتا دیکھنا چاہتے ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی محنت سے معیشت پر چھائے آسیب چھٹ رہے ہیں۔
حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کو لگائی آگ اب بچھ گئی ہے لیکن یہ ٹولہ گھر کے بچنے پر بھی ماتم کر رہا ہے۔ ریاست پر حملہ کرنے والوں نے بڑی کوشش کی کہ معاہدے کو سبوتاژ کیا جائے،عوام ان کے چہرے بھی اچھی طرح سے پہچان چکے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قرض ہمیں مجبوری میں لینا پڑ رہا ہے،خدا کریں ہم دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جائیں۔
ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو میں اور نواز شریف خود کو معاف نہ کرتے،اللہ تعالٰی نے کرم کیا اور ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر اور یو اے ای نے 1 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا،چین کو 5 ارب ڈالر کے قرضے واپس کیے جو دوست ملک نے دوبارہ دے دئیے۔ وزیراعظم کا 9 مئی کے واقعات پر بات کرتے کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات پاکستان کو تباہ کرنے کی سازش تھی،9 مئی کی سازش میں اندر اور باہر کے دشمن شامل تھے۔
فوجی اداروں پر حملے کے کیس آرمی ایکٹ کے تحت چلیں گے،جبکہ سول اداروں پر حملے کے کیس سول عدالتوں میں چلیں گے۔ 9 مئی کے ملزمان کو قانون کے مطابق سزائیں ملیں گی۔ شہباز شریف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک میں ایک اینٹ نہیں لگائی،سابق حکومت نے ملکی مفاد کو نقصان پہنچایا۔
Comments