
سیالکوٹ (نیوزڈیسک) فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے،موجودہ حکومت کے ایک سال میں بھی عوام کا برا حال ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق رہنما استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق حکومت میں ملک کے ساتھ کھلواڑ ہوتا رہا۔ ہم نے نا اہلی اور نا لائقی میں چیمپئن شپ جیتی لیکن جو ہمارے ایک سال بعد آئے وہ تو ہمارے بھی استاد نکلے۔
انکا کہنا تھا کہ معاشی عدم استحکام کی وجہ سے سیاسی عدم استحکام ہے،ملک میں اس وقت انتشار اور افرا تفری ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ استحکام پاکستان پارٹی دلوں کو جوڑنے کیلئے بنائی گئی۔عید کے بعد ہماری پارٹی سیاسی میدان میں کھیلنے جا رہی ہے،ہم عوام کی جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔
قبل ازیں فردوس عاشق نے تاحیات نااہلی کے قانون کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیرترین کی سیاست میں عملی طور پر واپسی غریب عوام کیلئے خوشخبری ہے،جہانگیرترین کی سیاست کو انتقام کی بھینٹ چڑھا کر داغدار کرنے کی کوشش کی گئی۔
تاحیات نااہلی کسی ممبر پارلیمنٹ کو ہمیشہ کیلئے اس کے حق نمائندگی سے محروم کرنا ہے،قانون میں سزا کا تصور بہتری کی ایک کوشش ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اس کا ہرگز مطلب کسی کا حق تلف کرنا نہیں ہے،تاحیات نااہلی قانون سے بالا سزا تھی جسے ختم کر کے پارلیمنٹ نے اپنی حیثیت کو منوایا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تاحیات نااہلی ختم کرنے کا بل پاس کرکے آئینی ، پارلیمانی سیاست کو نئی زندگی دی گئی۔ جبکہ نو مئی کے واقعات پر انہوں نے کہا کہ جلاؤ گھراؤ اور انتشار کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا انتہاٸی ضروری ہے،ڈی جی آٸی ایس پی آر کی پریس کانفرنس نے ملک کی دفاعی پالیسی کو واضح کیا۔ فوج نے خود احتسابی کے عمل سے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔
Comments