
تورغر (نیوزڈیسک) وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک کی سیاسی قیادت پاکستان کی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ سب مل کر محنت کریں تو پاکستان کو قرض لینے کی ضرورت نہیں ہو گی،وہ وقت آئے گا جب ہم قرض لینے کے بجائے قرض دیا کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے ضلع تورغر کے دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ لوگوں نے تربیلا ڈیم کیلئے اپنی زمینیں قربان کر دیں،یہ آپ کی بہت بڑی خدمت ہے جیسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
خیبر پختو نخوا پاکستان کا خوبصورت ترین صوبہ ہے،ماضی میں اگر توجہ دی جاتی تو خیبرپختونخوا ترقی یافتہ صوبہ ہوتا۔ ادارے اور انکے سربراہ فیصلہ کر لیں کہ پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے تو کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا،وقت ایک دولت ہے جیسے اچھی طرح استعمال کر کے ملک کو سونا بنا سکتے ہیں۔
وزیراعظم کا آئی ایم ایف پروگرام پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے بڑی مشکل سے معاہدہ کیا،آئی ایم ایف کا پروگرام کوئی مٹھائی نہیں۔
پاکستان کے مخالفین دن رات ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی دعائیں کر رہے تھے،اللہ نے ان مخالفین کا خواب دفن کر دیا۔کام کرنے کا جذبہ ہو گا تو ہم محنت کر کے دوسرے ممالک سے آگے نکل جائیں گے۔ شہباز شریف نے علاقے میں دانش اسکول بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں درجنوں دانش اسکول بنائے تھے،گزرے وقت پر ماتم کا فائدہ نہیں،سبق حاصل کر کے آگے بڑھنا ہو گا۔
اللہ تعالٰی نے پاکستان کو ہر نعمت سے مالا مال کیا ہے،ملکی ترقی اور خوشحالی پر یقین رکھنے والی سیاسی قیادت کو مل کر کام کرنا ہو گا۔اپنا گھر ٹھیک کرنا آپکا اور میرا ملی فرض ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اب پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا دور دور تک کوئی نشان نہیں،گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف شرائط کی دھجیاں اڑائیں۔
Comments