
لاہور (نیوزڈیسک) جناح ہاؤس حملہ کیس،عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور رہنما پی ٹی آئی اعجاز چوہدری کیخلاف جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت ہوئی،دورانِ سماعت پولیس نے دونوں ملزموں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جیسے عدالت نے مسترد کر دیا۔
عدالت نے عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے کی سماعت ہوئی،انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔
پولیس نے کہا کہ عمر سرفراز چیمہ کو آڈیو گرامیٹک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا ہے اور اعجاز چوہدری سے تفتیش اور پیٹرول بم کی برآمدگی درکار ہے۔ عدالت نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور دونوں ملزمان کو پانچ روز کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ عدالت نے دوبارہ ملزمان کو 10 جولائی کو پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
پولیس نے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کی جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں جیل سے طلبی کی درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ ملزمان دیگر مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری جناح ہاؤس حملہ میں ملوث ہیں،ملزمان کو جیل سے عدالت پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
Comments