
لاہور (نیوزڈیسک) 9 مئی واقعات،عمران خان کو ایک اور جے آئی ٹی نے طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائن فیصل آباد میں 9 مئی واقعات سے متعلق درج مقدمے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو طلب کیا گیا ہے،تھانہ سول لائن کے 2 اہلکار زمان پارک پہنچے اور عمران خان کو طلبی کا نوٹس وصول کروایا۔ چیئرمین تحریک انصاف کو 21 جولائی کو شاملِ تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عمران خان کو 9 مئی کے واقعات میں مزید 3 مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا،چیئرمین پی ٹی آئی کو جناح ہاؤس حملے کے کیس میں نامزد کیا گیا،جبکہ اس کے علاوہ عسکری ٹاور حملے اور ماڈل ٹاؤن میں وزیراعظم سیکرٹریٹ پر حملے کے مقدمے میں بھی نامزد کیا گیا۔
لاہورمیں عمران خان کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت سات مقدمات درج تھے جن کی تعداد اب 10 ہو گئی۔
سابق وزیراعظم پر 9 مئی کے واقعات پر پنجاب کے دیگر اضلاع میں دہشتگردی کے 19 مقدمات درج ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق عمران خان کو گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں مقدمات میں نامزد کیا گیا،چیئرمین پی ٹی آئی ملتان کے تین،راولپنڈی اور فیصل آباد کے دو اور گوجرانوالہ کے ایک دہشتگردی کے مقدمے میں نامزد ہیں۔ جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مئی کے 7 مقدمات میں 14 دن تک حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے،عمران خان نے نو مئی کے واقعات پر سات مقدمات میں عبوری ضمانتوں کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سات دہشت گردی مقدمات میں حفاظتی ضمانتوں پر سماعت ہوئی،جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے حفاظتی ضمانتوں پر سماعت کی۔عدالت نے عمران خان کی حفاظتی ضمانتیں دو ہفتوں تک منظور کی تھیں۔
Comments