
ڈیرہ اسماعیل خان (نیوزڈیسک) جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم آقا اور غلام کے تعلق کا انکار کرتے ہیں کیوں کہ یہ ملک ہمارا ہے کسی کی جاگیر نہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے سر جھکا کر نہیں سر اٹھا کر سیاست کی ہے، ہم نے ملک میں غیرت کی سیاست کی ہے، ہم نے نااہل ٹولے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، نااہل ٹولے کو اقتدار کی کرسی سے اٹھا کر باہر پھینکا، ہم لڑنے والے لوگ ہیں لڑنے کا تجربہ رکھتے ہیں، ہم ہی تو ہیں جنہوں نے انگریز کو اپنی سرزمین سے نکالا، وہ ہم سے پوچھتے ہیں اگلا نظام کیا ہوگا؟ یہ قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ نااہلوں کا راستہ روکے، قوم سوچے ملکی ترقی جام کرنے والے دوبارہ نمائندہ بننے کے حق دار ہیں یا نہیں۔
حکمران اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر تباہ کیا گیا، معیشت کا ڈھانچہ بیٹھ گیا، مہنگائی کا پہاڑ پوری قوم کے اوپر گرایا گیا، پاکستان میں میگا پروجیکٹس پر کام دوبارہ شروع ہوچکا ہے، سعودی عرب، دبئی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے پسماندہ علاقوں کی ترقی میں دلچسپی لی ہے، وزیراعظم کے ترقی کیلئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، افسران نے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے میں فنی مہارت کا مظاہرہ کیا، تمام محکموں کے افسران کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس سے پہلے نواز شریف 2017 اور 2018 میں یہاں تشریف لائے تھے، نواز شریف نے یہاں بڑے منصوبوں کا اعلان کیا، ایسی حکومت آئی جس نے ترقی کا پہیہ جام کردیا، گزشتہ حکومت میں ایک بھی میگاپروجیکٹ کسی نے شروع نہیں کیا، انہوں نے سی پیک روک کر اپنے آقاؤں سے وفاداری نبھائی۔
Comments