
کراچی (نیوزڈیسک) کراچی کے علاقے ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی میں قیوم آباد کے قریب کار پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد زخمی اور دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق گاڑی میں رکن صوبائی اسمبلی اسلم ابڑو کی فیملی سوار تھی۔رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں ان کے بھائی سمیت 4 افراد زخمی ہو ئے تھے بعدازاں زخمیوں میں سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے، پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو اور بھتیجے شہریار ابڑو جاں بحق ہوئے۔
واقعے میں ارشاد علی پنہور اور عبدللہ ابڑو ابھی بھی شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گاڑی میں ایم پی اے اسلم ابڑو موجود نہیں تھے۔جائے وقوعہ سے مختلف ہتھیاروں کے خول ملے ہیں،فائرنگ سے گاڑی کی ونڈ اسکرین اور اطراف میں لگ بھگ دو درجن سے زائد گولیاں لگی ہیں۔ اسلم ابڑو کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار ہو گئے۔پولیس نے مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے دائرے میں لائیں گے۔تاحال واقعے پر اسلم ابڑو کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔
Comments