
اسلام آباد (نیوزڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نئی روایت قائم کرتے ہوئے ایوان میں موجود جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں سے الوداعی ملاقاتیں کیں، اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن )کے پارلیمانی رہنما خواجہ محمد آصف ، جمیعت علمائے اسلام کے پارلیمانی رہنما مولانا اسد محمود اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے کشور زہرہ اور محمد ابوبکر پر مشتمل پارلیمانی وفد سے ملاقات کی،اسپیکر کی طرف سے تمام سیاسی رہنماؤں کو موجودہ اسمبلی میں بھرپور اور مثبت کردار ادا کرنے کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں، ملاقاتوں میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے 15 ویں قومی اسمبلی کی کارروائی میں احسن اور بھرپور طریقے سے کردار ادا کرنے پر پارلیمانی رہنماؤں اور انکی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا،اسپیکر نے کہا کہ پارلیمان عوام کی امیدوں اور امنگوں کا محور ہے،مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران تمام جماعتوں نے مکمل دلجمعی سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا اور وہ فیصلے لئے جو عوام اور ملک کے لئے کارآمد ثابت ہوئے۔
سیاسی رہنماؤں نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو ایوان کی کاروائی احسن طریقے سے چلانے پر مبارکباد پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
Comments