
اسلام آباد (نیوزڈیسک) قومی اسمبلی کی تحلیل کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کی سمری پر دستخط کے بعد قومی اسمبلی تحلیل ہو گئی تھی جس کا اب نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا۔ وزارتِ پارلیمانی امور نے نوٹیفیکشن جاری کیا ہے۔ یاد رہے کہ 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت گزشتہ روز ختم ہو گئی تھی۔
صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھجوائی گئی قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کئے تھے۔ صدر مملکت کی جانب سے وزیر اعظم کی سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کے ساتھ وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی تھی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کئے تھے۔
دستخط کیے جانے کے بعد شہباز شریف کی جانب سے اسمبلی کی تحلیل کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائی گئی جو صدرعارف علوی نے فوری ہی منظور کر لی۔
صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 58 ون کے تحت اسمبلی تحلیل کرنے کی منظوری دی۔ تاہم قومی اسمبلی اور وفاقی کابینہ کی تحلیل کے باوجود نگران وزیر اعظم کے انتخاب تک شہباز شریف ہی وزیر اعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ نگران وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان آج ملاقات متوقع ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان نگران وزیر اعظم کے نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن نگران وزیر اعظم کے انتخاب کا فیصلہ کرے گا۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے الوداعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16 ماہ کسی سیاسی مخالف کو جیل بھجوانا تو دور ناجائز تنگ بھی نہیں کیا،موجودہ حکومت میں کسی کے خلاف نیب کیسز نہیں بنائے۔
Comments