
لاہور (نیوزڈیسک) پنجاب میں 14 اگست کو سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں جشن آزادی کے موقع پر سیاسی ریلیوں کے انعقاد پر پابندی ہوگی، تمام شہری انفرادی طورپر آزادی کی تقریبات مناسکتے ہیں۔ لاہور کے تھانہ مزنگ کا دورہ کرنے کے بعد نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کی خوشیاں بھرپور طریقے سے منائیں لیکن اس خوشی کے دن سیاسی سرگرمیوں سے پرہیز کریں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھرمیں 14 اگست کو سیاسی ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر ہارن اور باجے کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 14 اگست کے موقع پر اسلام آباد میں ہارن اورباجے کے استعمال پرسختی سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہارن اور باجے بجانے پر دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے جبکہ خلاف ورزی پر سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments