
لاہور (نیوزڈیسک) توہین الیکشن کمیشن کیس،عمران خان کیخلاف حتمی فیصلے سے روک دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن میں جاری توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس وحید خان نے درخواست پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سمیر کھوسہ پیش ہوئے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کا حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا،ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ کا سیکشن 10 غیر آئینی قرار دے کر کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن اپنی کارروائی جاری رکھے مگر حتمی فیصلہ نہ کرے۔ ہائیکورٹ نے درخواست فل بینچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کر دی،عدالت نے نوٹ میں قرار دیا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں فل بینچ میں زیر سماعت ہیں لٰہذا یہ معاملہ بھی فل بینچ کے سامنے رکھا جائے۔
عدالت نے آئندہ سماعت کیلئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے۔ یاد رہے کہ عمران خان نے وکیل سمیر کھوسہ کے توسط سے درخواست دائر کی جس میں الیکشن کمیشن،وفاقی حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف بیان دینے کے الزام میں عمران خان کو طلبی کے نوٹس جاری ہوئے،الیکشن کمیشن نے پیش نہ ہونے پر سابق وزیراعظم کے نا قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کی طرح توہین عدالت کے اختیارات استعمال کر رہا ہے،الیکشن ایکٹ کا سیکشن 10 آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے۔ا لیکشن کمیشن میں پیش ہونے پر فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی،الیکشن کمیشن ادارہ ہے عدالتی اختیار استعمال نہیں کرسکتا-
Comments