
اسلام آباد (نیوزڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی معیشت کی بحالی کیلئے نگران حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی ، پاک فوج ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہرممکن تعاون کرے گی۔ اعلامیہ ایپکس کمیٹی اجلاس کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نکی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی معاشی و سرمایہ کاری کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ایپکس کمیٹی نے معیشت کی بحالی کیلئے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں سرمایہ کاری کیلئے سابق حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی توثیق کی گئی۔ زراعت ، آئی ٹی، توانائی شعبوں میں پچھلی حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی ، اجلاس میں نگران وزرائے اعلیٰ، نگران وفاقی وزراء سمیت سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے معیشت کی بحالی کیلئے نگران حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہرممکن تعاون کرے گی، پاک فوج نگران حکومت کی مکمل حمایت کرے گی، معاشی ترقی کی جاری پالیسیوں کی حمایت کریں گے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ جن منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ان کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے۔
ایس آئی ایف سی کے تحت منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔ دوسری جانب نگران حکومت نے غیر ضروری ضمنی گرانٹس کے اجراء پر پابندی لگا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی منتخب حکومت کے قیام تک کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا گیا اور موجودہ مالی سال سرکاری فنڈز کے استعمال سے متعلق حکمت عملی وضع کر دی گئی۔ ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق صرف قدرتی آفات کے دوران ہی ہنگامی ضروری فنڈز جاری ہو سکیں گے،بجٹ میں غیر اعلانیہ منصوبوں یا دیگر مد میں فنڈز خرچ نہیں کئے جائیں گے۔
اضافی سمپلنٹری گرانٹ کیلئے بھی سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہو گا،جبکہ متعلقہ وزارت کے پرنسپل اکاؤنٹ افسر کو فنڈز کیلئے جواز پیش کرنا ہو گا۔ وزراتِ خزانہ نے بتایا کہ بجٹ ونگ مطلوبہ اضافی فنڈز کیلئے بغور جانچ پڑتال کرے گا،کسی قسم کے اضافی فنڈز کی کابینہ اور ای سی سی سے منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔
Comments