
اسلام آباد (نیوزڈیسک) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیخلاف مہم پر ایکشن، تحقیقات کیلئے آئی ایس آئی سمیت خفیہ اداروں کے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے پروپیگنڈا مہم کی تحقیقات کے لیے اسپیشل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی۔ اسپیشل جےآئی ٹی کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم کریں گے۔
کمیٹی میں آئی ایس آئی، آئی بی اور وفاقی پولیس کے گریڈ 19کے افسران شامل ہوں گے۔ وزرات داخلہ نے پروپیگنڈا مہم کی تحقیقات کے لیے قائم اسپیشل جےآئی ٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے وکلا کے ذریعے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ان کے تمام مقدمات کو صوبائی ہائی کورٹس میں منتقل کیا جائے۔
وزارت قانون نے بھی جسٹس عامر فاروق کے خلاف چلائی جانے والی مہم کی شدید مذمت کی تھی۔ وزارت قانون نے کہا تھا کہ سیاسی جماعتیں ریاستی اداروں پر حملے سے گریز کریں۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسویس ایشن نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کیخلاف مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسویس ایشن نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیخلاف مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ذمے داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا تھا کہ چیف جسٹس عامر فاروق کے خلاف چلنے والی مہم کی مذمت کرتے ہیں، وہ غیر جانبدار اور دیانت دار جج ہیں۔ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ چیف جسٹس عامر فاروق اپنی اصول پسندی کی وجہ سے مشہور ہیں، ان کے خلاف منفی مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
Comments