
اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ ممکن ہے آئندہ چند روز میں الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اگلے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ۔چیف الیکشن کمشنر سے اے این پی، بی اے پی، بی این پہ کے وفود نے ملاقات کی۔
بدھ کے روز عوامی نیشنل پارٹی ،بلوچستان عوامی پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل ) کی الیکشن کمیشن آمد ہوئی ،اے این پی اوربی این پی نے انتخابات آئین کے مطابق 90روز میں کرانے جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے انتخابات سے قبل حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اس موقع پر الیکشن شیڈول سے متعلق بات کی۔
چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے مرکزی رہنما آغا حسن بلوچ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے سامنے پارٹی پالیسی رکھ دی ہے اور اپنے تحفظات سے بھی کمیشن کا اگاہ کردیا ہے انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں انتخابات وقت پر ہوںاور آئین کے مطابق 90روز کے اندر انتخابات لازمی ہیں انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے انتخابات وقت پر ہونا ضروری ہے اوروقت پر انتخابات سے اچھا پیغام جائے گاانہوںنے کہاکہ نگران وزرا اعلی کے پاس مشترکہ مفادات کونسل میں مردم شماری کی منظوری دینے کا اختیار نہیں تھا حالیہ مردم شماری میں بلوچستان کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے انہوں نے کہاکہ عام انتخابات پرانے مردم شماری پر ہونے چاہئیں بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے بھی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی وفد میں سینیٹر منظور کاکڑ ،سینیٹر دنیش کمار ،سینیٹر ثنائ جمالی سمیت دیگر عہدیدار موجود تھے بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے عہدیداروں نے کہاکہ عام انتخابات سے قبل حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا کام مکمل کیا جائے اس کے بعد عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔
Comments