
اسلام آباد (نیوزڈیسک) نیب ترامیم سے کس کس ملزم کو فائدہ پہنچا،نیب نے عدالت میں رپورٹ پیش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی،نیب ترامیم سے رواں سال فائدہ اٹھانے والوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دی گئیں۔ ترامیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر شامل ہیں۔
نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں سال 30 تک 12 ریفرنس نیب عدالتوں میں منتقل ہوئے،منظور قادر کاکا،خورشید انور جمالی اور انور مجید کے نیب مقدمات منتقل ہوئے۔ جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم حسین لوائی کا کیس بھی نیب کے دائرہ اختیار سے نکل گیا،احتساب عدالت نے آصف زرداری کیخلاف پارک لین ریفرنس ترامیم کے بعد واپس کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید کیخلاف نیب کیس بھی احتساب عدالت سے واپس ہوا،رواں سال مجموعی طور پر 22 مقدمات احتساب عدالتوں سے واپس ہوئے،جبکہ ترامیم کی روشنی میں 25 مقدمات دیگر فورمز کو منتقل کئے گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان نے نیب ترامیم کیس میں ریمارکس دئیے سنجیدہ معاملہ ہے کہ 49 کروڑ کرپشن کرنے والا نیب سے بچ کر آزاد ہو جائے گا۔ سپریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نیب ترامیم کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دئیے کہ نیب ترامیم کے بعد 50 کروڑ سے کم پلی بارگین کرنے والا درخواست دے کر صاف اور شفاف ہو جائے گا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے کہ پلی بارگین ختم کرانے والا کسی دوسرے قانون کی زد میں آ جائے گا۔
Comments