
لاہور (نیوزڈیسک) 9 مئی واقعات،شاہ محمود قریشی کی 6 مقدمات میں عبوری ضمانت خارج کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ سمیت 6 مقدمات میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی،جج عبہر گل نے سماعت کی۔ وکیل نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی گرفتار ہو چکے ہیں اس لیے پیش نہیں ہو سکتے،انہوں نے استدعا کی کہ میرے مؤکل کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کر دی اور انکی 6 مقدمات میں عبوری ضمانت خارج کر دی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی تھانہ کھنہ میں درج مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت خارج کی گئی تھی۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کیخلاف تھانہ کھنہ میں درج دو مقدمات کی سماعت ہوئی،جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔
وکیل علی بخاری نے شاہ محمود قریشی کی حاضری سے استثںٰی اور طلبی کی درخواستیں دائر کیں۔ عدالت نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنٰی اور طلبی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ضمانت عدم پیروی پر خارج کر دی تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ریمارکس دئیے کہ شاہ محمود قریشی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت زیرِ حراست ہیں،ضمانت قبل از گرفتاری میں ملزم کی حاضری ضروری ہے۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سائفر کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں،سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا۔ ۔ایف آئی آے نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر شاہ محمود قریشی کو جج ابو الحسنات کی عدالت میں پیش کیا تھا۔
Comments