
اسلام آباد (نیوزڈیسک) نیب نے پرویز الٰہی کو کسی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کے فیصلے کیخلاف عدالت سے رجوع کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو رہا اور کسی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ نیب نے اپیل میں چوہدری پرویز الٰہی سمیت دیگر کو فریق بنایا۔
اپیل میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے نیب کا پورا مؤقف سنے بغیر ہی سابق وزیراعلٰی کی رہائی کا حکم دیا،پرویز الٰہی کی گرفتاری قانون تھی اور وہ ریمانڈ پر تھے۔ سنگل بینچ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور رہائی کا حکم جاری کیا،جبکہ سابق وزیراعلٰی کو کسی کیس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی درست نہیں۔
اپیل میں استدعا کی گئی پرویز الٰہی کو رہا اور کسی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے،عدالت اپیل کے حتمی فیصلے تک سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرے۔
دوسری جانب وسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس امجد رفیق نے پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے نصر اللہ وڑائچ مختار احمد اور آصف چیمہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ عدالتی حکم پر ڈی آئی جی آپریشنز،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اور ایس ایس پی آپریشنز پیش نہ ہوئے۔
ڈی ایس پی نے پولیس افسران کے پیش ہونے کیلئے مہلت مانگ لی اور بتایا کہ دونوں پولیس افسراں صوبہ سے باہر ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا آپ دونوں افسران سے پوچھ لیں کہ وہ آج پیش ہوں گے یا کل؟۔ کل پیش ہونے پر پولیس افسران کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کریں گے،آپ نے مناسب نہ سمجھا کہ اسی وقت میرے پاس آجاتے۔
Comments