
لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔تمام معلوم اور نامعلوم کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی بھی درخواست دائر کر دی۔تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول اور عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے مقدمات، انکوائریوں کی تفصیلات کے حصول کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی، درخواست میں حکومت پاکستان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی درخواست گزار کے خاوند اور جیل میں قید ہیں ۔ درخواست گزار کیخلاف ملک بھر میں کیسز درج ہیں۔ درخواست گزار کیخلاف مختلف حکام کی جانب سے نظربندی کے احکامات جاری کیے گئے۔
نیب، ایف آئی اے، انٹی کرپشن اور پولیس میں ایف آئی آرز، انکوائرئیز زیر التوا ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت تمام معلوم اور نامعلوم کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔
عدالت تمام کیسز میں درخواست گزار کی حفاظتی ضمانت منظور کرے ۔ عدالت درخواست گزار کو کسی بھی کیس میں گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔خیال رہے کہ 29 اگست کو احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا تھا ۔ منگل کے روز فاضل عدالت کے جج محمد بشیر کے رخصت پر ہونے کے باعث ڈیوٹی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی، بشری بی بی اپنے وکیل لطیف کھوسہ اور انتظار پنجوتھہ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں۔ عدالت نے پانچ لاکھ روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت12 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی تھی۔
Comments