Social

چوہدری پرویز الہٰی، رہائی کے فوری بعد اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے نے دوبارہ گرفتارکرلیا،

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویزالہٰی کو رہائی کے فوری بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ پرویز الہٰی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر پولیس لائن اسلام آباد سے رہا کیا گیا تھا، اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے نے دوبارہ حراست میں لیا۔ پولیس پرویز الہٰی کو دوبارہ پولیس لائنز کے اندر لے گئی۔
پرویزالہیٰ کے وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دن دیہاڑے پرویزالہیٰ کواغوا کر کے نامعلوم جگہ لے گئے، اس وقت تمام حدیں کراس ہو چکی ہیں، یہ آئین وقانون کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ جبکہ پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی کو تھانہ سی ٹی ڈی نے مقدمہ نمبر 3/23 میں گرفتار کر لیا۔

پرویز الٰہی کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں ایس ایچ او تھانہ رمنا کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔ پرویزالٰہی کو مقدمے میں نامعلوم افراد کے زمرے میں گرفتار کیا گیا، چودھری پرویز الٰہی کو کل انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ قبل ازیں اسلام آبادہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی تھری ایم پی او کے تحریری گرفتاری کا آرڈر معطل کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے ڈی سی اسلام آباد سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کیا اور پرویز الہیٰ کو بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہدایت دی کہ پرویز الٰہی آئندہ سماعت تک کسی قسم کا کوئی بیان نہیں دیں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ وکیل درخواست گزار کے مطابق پرویز الٰہی کیخلاف اسلام آباد میں کوئی بھی ایف آئی آر درج نہیں ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی کی ایم پی او آرڈر کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی۔وکیل پرویز الٰہی نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ تین ماہ سے جیل میں ہیں، وہ کیسے نقص امن کے حالات پیدا کر سکتے ہیں۔ عدالت کی ہدایت پر پرویز الٰہی کے وکیل نے تھری ایم پی او آرڈر پڑھا۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے وکیل نے کہا کہ پرویز الٰہی نے چار ماہ سے کوئی بیان تک نہیں دیا اور اسلام آباد میں پرویز الٰہی کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں، اینٹی کرپشن کے کیس میں مقدمے سے ڈسچارج ہو چکا، نیب کے مقدمے میں بھی لاہور ہائیکورٹ گرفتاری غیر قانونی قرار دے چکی ہے، جیسے ہی لاہور ہائیکورٹ سے رہا کیا گیا تو لاہور پولیس کی حراست سے چھین لیا گیا۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv