
ا سلام آباد (نیوزڈیسک) انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں آج پرویز الہیٰ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالت نے چوہدری پرویز الہیٰ کو دوبارہ 8 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے چوہدری پرویز الہیٰ کی فیملی سے ملاقات کی درخواست منظور کر لی۔خیال رہے کہ چو ہدری پرویزالٰہی کو پولیس لائن سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔ترجمان کیپٹل پولیس کے مطابق پرویز الہٰی کو تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ نمبر 3/23 میں گرفتار کیا ہے ۔
پرویزالٰہی سردارعبدالرازق ایڈووکیٹ کی گاڑی میں پولیس لائنز سے باہر آئے تھے، ان کے وکیل سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ اور ڈرائیور کو اتار کر پرویزالٰہی کو گاڑی کے ساتھ لے جایا گیا۔اس حوالے سے ان کے وکیل عبدالرازق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ پرویزالٰہی کو عدالتی حکم پر رہا گیا تھا لیکن دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالتی فیصلے کے بعد حکم نامہ لے کر چو ہدری پرویزالٰہی کی رہائی کیلئے پولیس لائنز آئے تھے۔
عبدالرازق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی کو پولیس لائنز کے باہر سے گرفتار نہیں گاڑی سمیت اغوا کیا گیا ہے،انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی پرویزالٰہی میری گاڑی میں بیٹھ کر پولیس لائنز سے باہر آئے تو کچھ لوگ راستہ بند کرکے کھڑے تھے۔ قبل ازیں اسلام آبادہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی تھری ایم پی او کے تحریری گرفتاری کا آرڈر معطل کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ڈی سی اسلام آباد سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کیا اور پرویز الہیٰ کو بھی پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
Comments