Social

توہین عدالت کیس،ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد پر فردِ جرم عائد،عدالت

اسلام آباد (نیوزڈیسک) ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہریار آفریدی کیخلاف ایم پی او آرڈر جاری کرتے ہوئے اختیارات سے تجاوز پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی،ڈی سی اسلام آباد نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ عدالت نے ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز پر فردِ جرم عائد کر دی۔
جسٹس بابر ستار نے فردِ جرم پڑھ کر سنائی اور ریمارکس دئیے کہ کھلی عدالت میں آپ کے سامنے چارج پڑھا گیا۔ کیا آپ نے الزامات سن لئے ہیں؟ اس میں زیادہ سے زیادہ سزا بھی 6 ماہ کی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ آپ بھی کچھ عرصہ جیل میں گزار آئیں تو پتہ چلے گا کہ جنہیں آپ جیل بھیجتے ہیں وہ کیسے گزارتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ کسی بھی طرح سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا ارادہ نہیں کیا۔

جسٹس بابر ستار نے قرار دیا کہ اب جو بھی ثابت کرنا ہے ٹرائل میں کریں۔ ڈی سی عرفان میمن اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد جمیل ظفر نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو تھری ایم پی او کے اختیارات کے استعمال سے روک دیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں رہنما تحریک انصاف شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی۔
ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کو تھری ایم پی او کے اختیارات کے استعمال سے روک دیا،عدالت نے ڈی سی سے مکالمہ کیا کہ آئندہ سماعت تک آپ ایم پی او کا کوئی آرڈر پاس نہیں کریں گے۔ جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا کہ بتائیں قانون میں کہاں سے آپ یہ اختیار استعمال کر رہے ہیں؟۔ عدالت نے ایم پی او کے اختیار سے متعلق قانونی معاونت طلب کی،جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے کہ ڈی سی صاحب آپ سمجھ رہے ہیں ناں۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv