
اسلام آباد(نیوزڈیسک) سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو نگران وفاقی وزیر مقرر کر دیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فواد حسن فواد کو نگران وفاقی کابینہ میں وفاقی وزیر مقرر کر دیا۔صدرِ مملکت نے تقرری نگران وزیراعظم کی ایڈوائس پر کی۔ فواد حسن فواد کا نگران وزیراعظم کے لیے بھی نام سامنے آیا تھا۔فواد حسن فواد پر کرپشن کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔
مارچ2023ء میں لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق بیوروکریٹ فواد حسن فواد کو بری کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔لاہور کی احتساب عدالت نمبر 6 کی جج عظمٰی اختر چغتائی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے فواد حسن فواد، ان کی اہلیہ رباب حسن، بھائی وقار حسن سمیت دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام پر دائر ریفرنس پر دو فروری کو سماعت پر بری کرنے کا فیصلہ سنایا تھا ۔
جس کا تحریری فیصلہ سوموار کو جاری کیا گیا ۔احتساب عدالت نے تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ استغاثہ فواد حسن فواد کے خلاف جرم ثابت کرنے میں بری طرح ناکام ہوا،عدالت فواد حسن فواد، وقار حسین، رباب حسین اور انجم حسین کو باعزت بری کرتی ہے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ کے 19 گواہ فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کوئی شہادت نہیں دے سکے،نیب ایسی کوئی شہادت نہیں دے سکی جس سے فواد حسن فواد اور انکے خاندان پر کرپشن کے ذریعے اثاثے بنانے کا الزام ثابت ہو،قومی احتساب کے قانون کے تحت سرکاری فنڈز کا عنصر شامل کیے بغیر کرپشن ثابت نہیں ہو تی ہے،اس کیس میں تمام ٹرانزیکشن نجی نوعیت کی ہیں جس میں سرکاری فنڈز شامل نہیں ہیں،ایسی کوئی شہادت میسر نہیں جس سے فواد حسن فواد کا کرپشن کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا تعلق ثابت ہو،وہ اثاثے جنہیں بے نامی کہا گیا، انکا فواد حسن فواد سے کوئی تعلق نہیں ہے، ریکارڈ میں ایسا کچھ نہیں کہ فواد حسن فواد نے اثاثے کرپشن یا غلط طریقے سے بنائے،اس کیس کی تفتیش ٹھیک نہیں کی گئی،نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر انتخاب عالم جوئیہ نے دلائل دیئے۔
Comments