
اسلام آباد (نیوزڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ روپے کی قدر بہتر ہوئی ورنہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں زیادہ بڑھتیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں قیمتیں بڑھی جس کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی ہے۔
سابق وزیراعظم نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ راجہ ریاض کو مسلم لیگ ن میں خوش آمدید کہتا ہوں، ان کی پارٹی میں شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اس میں شک نہیں ہے کہ بے بنیاد جھوٹے مقدمات میں نواز شریف کے خلاف فیصلے ہوئے ہیں، نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان تشریف لارہے ہیں، انہوں نے اپنے مقدمات میں نیب ترامیم کا سہارا نہیں لیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ نیب ترامیم سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ افسوسناک ہے، ایک ڈکٹیٹر کے قانون کو بحال کیا گیا ہے تبدیل نہیں کیا گیا۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ بہت متنازع فیصلے آئے ہیں، مثال کے طور پر پارلیمنٹ کے پاس کردہ قانون کو مسترد کردیا گیا، جو قانون معرض وجوود میں نہیں آیا تھا اسے مسترد کیا گیا۔ واضح ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17.34روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ بھاری اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 331.38 روپے ہوگئی۔ قیمت بڑھنے کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 329.18 روپے ہوگئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی پریس ریلیز وزارت خزانہ نے بذریعہ ایکس ( ٹوئٹر) پر بھی جاری کی۔ پریس ریلیز میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں جو اضافہ کیا گیا وہ درج ہے جبکہ قیمت بڑھنے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمتیں بھی درج ہیں۔
Comments