
اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی تقریر نے بتا دیا کہ وہ ماضی کی تلخیاں نہیں بھولے، نواز شریف نے انتقام نہ لینے کا کہہ کر بھی بہت کچھ کہہ دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ ابھی تک ’ماضی کے مزار‘ پر استوار ہے، قائد ن لیگ کی کی تقریر نے بتا دیا کہ وہ ماضی کی تلخیاں نہیں بھولے کیوں کہ ایک طرف نواز شریف نے کہا کہ ’نام نہیں لوں گا‘ لیکن پھر بھی بہت سے نام لے لیے، نواز شریف نے انتقام نہ لینے کا کہہ کر بہت کچھ کہہ دیا، نواز شریف کی تقریر نے واضح کر دیا ان کے اندر انتقام کی آگ اب تک سرد نہیں ہوئی۔
گزشتہ شب پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف نے مینارپاکستان عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتائیں کہ کون ہے جو ہر چند سالوں بعد نوازشریف کو اس کے پیاروں اور قوم سے جدا کردیتا ہے؟ میرے دل میں بدلے انتقام کی کوئی تمنا نہیں ہے، آج عوام کی محبت کو دیکھ کر اپنے دکھ درد بھول گیا ہوں، میں یاد بھی نہیں کرنا چاہتا لیکن کچھ درد ایسے ہوتے ہیں جو انسان ان کو بھلا نہیں سکتا لیکن ایک طرف رکھ سکتا ہے، ان کو کچھ دیر کے لئے فراموش کرسکتا ہے لیکن کچھ زخم اور درد ایسے ہوتے ہیں جو کبھی نہیں بھرتے، کاروبار مال چلا جاتا ہے پھر آجاتا ہے لیکن جو پیارے جدا ہوجاتے ہیں وہ کبھی دوبارہ واپس نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ میں سوچ رہا تھا میں جب کبھی بھی باہر سے آتا تھا تو میری والدہ اور میری بیوی کلثوم گھر دروازے پر انتظار کرتی تھی، میری سیاست کی نظر ہوگئے، میرا والد والدہ فوت ہوئیں، قبر میں نہ اتار سکا، میری بیوی فوت ہوئی تو جیل کے قید خانے میں خبر ملی، میں جیل سپرنٹنڈنٹ کی منتیں کرتا رہا، وہ شاید میری گفتگو سن رہا ہوگا، میں نے کہا کہ میری لندن میں بات کروا دو، میں پوچھنا چاہتا ہوں وہ کیسی ہیں، میں نے کہاکہ آپ کے ٹیبل پر دو دو فون پڑے ہیں، میری بات کروا دو، کہتا مجھے اجازت نہیں ہے، میں اس کے کمرے سے اپنے چھوٹے سے سیل میں چلا گیا ،جہاں ایک کرسی بمشکل آتی تھی، میں نے سوچا کہ بات کروانا بھی مشکل بات تھی، اڑھائی گھنٹے بعد ایک بندہ آتا ہے کہ آپ کی بیوی اللہ کو پیاری ہوگئی ہیں۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ میرے دل میں تمنا ہے تو بس یہ ہی کہ قوم ترقی کرے، ملک میں خوشحالی آئے، ہمیں ڈبل اسپیڈ کے ساتھ دوڑنا ہو گا، ہمیں نئے سفر کے آغاز کی ضرورت ہے، آپ کا اور میرا رشتہ دہائیوں پر محیط ہے، ہم نے ایک دوسرے کو دھوکا نہیں دیا، جب بھی موقع ملا، خدمت کی، کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا، جیلوں میں ڈالا گیا، ملک بدر کیا گیا، جعلی کیسز بنائے گئے، شہباز، مریم سب ن لیگی لوگوں کے خلاف بنائے گئے لیکن مسلم لیگ کا جھنڈا کسی نے اپنے ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔
Comments