
اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پہلی بار سب کو پتہ ہے کس کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شفاف آزادانہ انتخابات ہو گئے تو پھر نواز شریف مکمل فارغ ہے۔لگتا ہے اس بار انتخابات میں تاریخی دھاندلی کی جائے گی۔کون اس جمہوریت اور انتخابات کو مانے گا، اس سے استحکام نہیں آئے گا، تحریکیں اٹھیں گی،معیشت پر اثر پڑے گا اور خدانخواستہ انارکی ہوگی۔
نواز شریف ڈیل کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے۔نواز شریف بتائیں اب کہاں ہیں ان کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ۔اسد قیصر نے کہا کہ نواز شریف نے کریئر کے آغاز سے لے کر آج تک ڈیلز ہی کی ہیں۔ایک طرف عمران خان کی ضمانت منسوخ اور دوسری جانب مجرم کو ریلیف مل رہا ہے،کیا الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے گا کہ نگران حکومت نے کیسے نواز شریف کی سزا معطل کی۔
کیا نواز شریف ووٹ سے وزیراعظم بنے گا یا اس کو باکس بھر کر دیں گے۔
ہم مفاہمت چاہتے ہیں اور مفامت کا مطلب آئین اور قانون کی عملداری اور لیول پلینگ فیلڈ ہے۔نواز شریف کے پاس کون سا فارمولا ہے جو 16 ماہ میں بھائی کو نہیں بتا سکے۔اسد قیصر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں سے بات نہیں ہوتی لیکن ان سب نے اپنی سیاست ختم کر لی۔ایک بات سب لوگ سمجھ لیں ہم کسی سے انتخابی الحاق کا ارادہ نہیں رکھتے۔قبل ازیں جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سابق رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ میں ہوئی۔
Comments