Social

حکومت کا مالی امداد کیلئے دوبارہ دوست ممالک سے رابطے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوزڈیسک) حکومت نے مالی امداد کیلئے دوبارہ سعودی عرب سمیت دوست ممالک سے رابطے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اس وقت 6.5 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ کا شکار ہے جس کے لیے نگران حکومت نے ایک بار پھر سعودی عرب اور یو اے ای سمیت دوست ممالک سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے، اسلامی ترقیاتی بینک، اے ڈی بی، عالمی بینک سے بھی مدد لی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات جاری ہیں جہاں حکومت نے آئی ایم ایف سے ایکسٹرنل فنانسنگ کا پلان شیئر کیا ہے، آئی ایم ایف نے بیرونی فنانسنگ گیپ کو کم کرنے کیلئے نجکاری تیز کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ حکومت عالمی بانڈ مارکیٹ میں بانڈ جاری کرنے کے آپشن پر بھی غور کرے، اس کے علاوہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کے ذریعے بھی مالی گیپ کم ہونے کا امکان ہے، نگران حکومت کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 6 ارب ڈالر کے ہدف سے کم ہو کر ساڑھے 4 ارب ڈالر ہونے کی توقع ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے باعث وزارت خزانہ میں 9 نومبر کی چھٹی بھی منسوخ کردی گئی ہے، جس کے باعث آئی ایم ایف سے مذاکرات کو مدنظر رکھتے ہوئے 9 نومبر کو وزارت خزانہ میں معمول کے تحت کام ہوگا، تمام ایڈیشنل سیکرٹریز اور ونگز کے سربراہان کو اپنی اور ماتحت عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ آئی ایم ایف وفد سے پاکستانی حکام کے مذاکرات جاری ہیں جہاں آئی ایم ایف مشن سے تکنیکی سطح کے مذاکرات میں وزارت توانائی اور وزارت خزانہ حکام کی اہم میٹنگ ہوئی، اس دوران آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ ٹیوب ویل صارفین کیلئے بجٹ سبسڈی ختم کی جائے، پاکستان زرعی شعبے کے لئے سولرائزیشن کا نظام متعارف کروائے، ٹیوب ویل سولرائزیشن اسکیم پر 90 ارب خرچ ہوں گے جو منظوری کے لئے کابینہ کو پیش کی جائے، 90 ارب روپے میں 30 ارب وفاق، 30 ارب صوبے اور 30 ارب ٹیوب ویل صارفین دیں گے۔
آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران ٹیوب ویل سولرائزیشن اسکیم کو رواں مالی سال شروع کرنے پر بات چیت ہوئی، وزارت توانائی نے وزارت خزانہ، آئی ایم ایف اور عالمی بینک سے ٹیوب ویل سولرائزیشن اسکیم پر مشاورت کی، اس موقع پر آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ اسکیم پر عملدرآمد سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیوب ویلز صارفین کو بجلی استعمال کی مد میں سبسڈی نہ دی جائے، کوسٹ ریکورننگ ٹیرف بہتری کیلئے نیپرا سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹس بروقت نوٹیفیکیشن کر رہا ہے، آئی ایم ایف نے ڈسکوز، وزارت توانائی اور نیپرا کے درمیان تعاون اور فیصلوں پر جلد عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv