
لاہور(نیوزڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ مجھے یقین تو نہیں لیکن شبہ ہے عمران خان کو جیل میں دوائی مل رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کے انتخابات میں حصہ لینے پر کوئی قانون رکاوٹ نہیں ہے، نوازشریف آئندہ انتخابات میں ضمنی نہیں بلکہ جنرل نشست پر الیکشن لڑیں گے، راناثناء اللہ نے مزید کہا کہ نوازشریف جلدچوہدری شجاعت حسین سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کریں گے، ہاتھی کے پائوں میں سب کا پاؤں ہے نوازشریف قائد ہیں اور قائد رہیں گے شہبازشریف پارٹی صدر رہیں گے، انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کا حق حاصل ہے کہ لاہور کے وزیر اعظم کا راستہ روکیں اور لاڑکانہ کے وزیر اعظم کی راہ ہموار کریں،معیشت کی بحالی کےلئے مائنس نو مئی پی ٹی آئی والوں سے بات چیت کےلئے تیار ہیں۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ایک بندے کو جیل میں تمام سہولتیں مل رہی ہیں اورنوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ تین دن بکری کا دودھ ،چار دن اونٹنی کا دودھ پیوں گا ، آج بھی سہولت کاری موجود ہے ، ملکی اداروں سے گزارش ہے یہ تاثر قائم نہیں ہونا چاہیے کہ منصفانہ انتخابات نہیں ہو رہے، تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلینگ فیلڈ اورسب کو انتخابات میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے ،کیا9مئی کے پودے کی پرورش کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ایک بار پھر پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجانا چاہتے ہیں ،ووٹ کو عزت ملے گی تو آئینی حدود میں رہ کر پاکستان کو گرداب سے نکال سکیں گے،انتخابات سے پہلے نوازشریف اور پی ٹی آئی چیئرمین کا فیصلہ ہونا چاہیے ،اگر کوئی مجرم ہے تو سزا ملنی چاہیے تاکہ پتہ چل سکے کون ملک کا خیر خواہ ہے،وزیر اعظم جیالا ہو یا متوالا ہو یہ کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے لیکن نتائج کے بعد کسی کی خواہش پوری ہوگی ،خطے کو نوازشریف کی ضرورت ہے۔
Comments