
ایبٹ آباد (نیوزڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں صرف عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، لاڈلہ بننا ہے تو صرف عوام کا بننا ہے، فیصلے کا حق صرف عوام کے پاس ہے کہ کون وزیراعظم ہوگا جو کھیل 70 سالوں سے چلتا آرہا ہے ہمیں اب اس کھیل کو ختم کرنا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایبٹ آباد پولیس کالونی کے قریب واقع گراؤنڈ میں ہونے والے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوکر عوامی حکومت بنانے کے بعد قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے منشور اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریئے کے مطابق چلے گی، کیونکہ آج کے مسائل کا حل پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا پاکستان کے عوام سے وعدہ ہے اگر آپ مجھے موقع دیں گے تو میں کبھی بھی آپ کو مایوس نہیں کرونگا، ہماری گواہی ہماری تاریخ ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کی خدمت کرتی ہے اور انشاء ﷲ ہماری پوری توجہ نوجوانوں کو روزگار دینے، غریب عوام کا خیال رکھنے، غربت اور مہنگائی کا مقابلہ کرنے پر مرکوز ہوگی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں صرف پاکستان کے عوام کی جانب دیکھ رہا ہوں، لاڈلہ بننا ہے تو صرف عوام کا لاڈلہ بننا ہے۔
صرف اور صرف عوام کے پاس یہ حق ہے کہ وہ فیصلہ کریں کہ ان کا وزیراعظم کون ہوگا باقی کسی اور کے پاس یہ حق نہیں ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ انتخابات کیلئے تیار ہوتی ہے اور ہم عوام پر اعتماد کرتے ہیں اور میری باقی جماعتوں سے بھی درخواست ہے کہ آپ بھی عوام پر اعتماد کرکے پاکستان کا مستقبل اور انتخابات عوام پر چھوڑیں۔ جو کھیل اس ملک اور جمہوریت کے ساتھ 70 سالوں سے چلتا آرہا ہے ہمیں اب اس کھیل کو ختم کرنا پڑے گا۔
Comments