Social

ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، رانا ثناء اللہ

لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نوازشریف ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ۔ ہفتہ کو یہاں پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ نواز شریف کے اوپر پاکستان کے عوام اعتماد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹیبلز کی ٹرم گالی نہیں ہے ،برائی نہیں ہے ، الیکٹیبل وہ ہوتا ہے جس پر اس حلقے کے لوگوں کا اعتماد ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ہرحلقے میں ایک سے زائد چوائسز ہیں ،ضلع اور ڈویژن کی سطح پر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں،پارلیمانی بورڈ ز کی میٹنگ اگلے ہفتے سے شروع ہو رہی ہیں جس کی صدارت نوازشریف کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر بڑا جلسہ کریں گے،شہبازشریف اورمریم نواز کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں جلسوں کا پروگرام بنایا جارہا ہے ، ہم نے پنجاب میں پارٹی کی انتخابی مہم کو منظم اور ایک متحرک انداز میں چلانے کیلئے بنیادی فیصلے کئے ہیں،جیسے ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری ہوتا ہے انتخابی مہم کا سلسلہ شروع کریں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ وقت کا تقاضا ہے اور پاکستان کی بھی ضرورت ہے کہ تجربہ کار اور مخلص قیادت پاکستان کو اس بحران سے نکالنے کے لئے لیڈ کرے اور مسلم لیگ (ن)میں نواز شریف کی صورت میں نہ صرف پاکستان کی سینئر ترین قیادت موجود ہے بلکہ انہیں سب سے زیادہ تجربہ ہے ،انہوں نے اس سے پہلے پاکستان کودو مرتبہ ایسے بحرانوں سے نکالا ہے ،ہم جو بات کر رہے ہیں وہ صرف اندازے سے یا ہوا میں نہیں کر رہے بلکہ ہم نے قوم سے جو وعدے کئے ہیں اسے پورا کر کے دکھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے مشکل وقت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ، 2013میں جب پاکستان دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ایسے ہی بحران کا شکار تھا جو آج مہنگائی کی وجہ سے ہے تو اس وقت بھی ہم نے قوم سے وعدہ کیا ، نواز شریف کے وعدے پر قوم نے اعتماد کیا اور مینڈیٹ دیا اور اگلے چار سال میں مسلم لیگ (ن) نے ملک کو نہ صرف لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی سے نجات دلائی بلکہ پاکستان اس ٹریک پر چڑھ چکا تھا کہ اگر اسی ٹریک پر چلتا رہتا تواگلے چار سے پانچ سالوں میں پاکستان جی 20میں شامل ہوتا ۔
انہوں نے کہا کہ(ن) لیگ کے خلاف سازشیں تاریخ کا حصہ ہیںِ، ان سازشوں ،حالات ،مشکلات اورجھوٹے مقدمات کاہم نے جرات اورحوصلے سے مقابلہ کیا ، ہم نے وہ کچھ نہیں کیا جو آج کل ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت جس صورتحال میں ہے کسی اور جماعت یا لیڈر نے دعوی نہیں کیا بلکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے نواز شریف کی قیادت میں ملک کو اس بحران سے نکالنے کا عزم کیا ہے، قوم سے وعدہ کیا ہے ،قوم اگر ہمیں مینڈیٹ دیتی ہے جو ان شا اللہ دے گی تو ہم پہلے کی طرح ملک کو بحران سے نکالیں گے اور اسی جگہ پر لے کر جائیں گے جہاں پرپاکستان ترقی کے ٹریک پر تھا۔
انہوں نے بلاول بھٹو کی تنقید کے حوالے سے کہا کہ وہ بمباری تو کر رہے ہیں لیکن ملک کو درپیش بحرانوں اور مشکلات کا کوئی حل پیش نہیں کر رہے ، ہم تنقید کا برا نہیں مناتے وہ تمام سیاسی جماعتیں جنہوں نے ہمارے خلا ف الیکشن لڑنا ہے انہیں ہمارے اوپر تنقید کرنے کا اپنا دعوی پیش کرنے کا پورا حق حاصل ہے لیکن وہ تنقید دائرے میں ،حدود میں ہونی چاہیے ،ہم سیاسی انداز میں ایسی تنقید کو برداشت بلکہ اس کا احترام کرتے ہیں لیکن ایسی تنقید نہیں ہونی چاہیے جو دھرنے اور اس کے بعد شروع ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ کسی جماعت کو طاقت عوام نے اپنے مینڈیٹ اور ووٹ سے دینی ہے اور ہمیں پوری امید ہے۔انہوں نے نواز شریف کی اپیلوں کے حوالے سےسوال کے جواب میں کہا کہ میں سمجھتا ہوں نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیسز کی سماعت ہونی چاہیے ،بریت بھی ملنی چاہیے اور انہیں سر خرو ہونا چاہیے ۔۔انہوں نے بلوچستان سے شمولیت کے حوالے سے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا بہت ہی حساس حصہ ہے، بلوچستان کے حالات کو بہتر کرنے کے لئے وہ کوششیں جو کی جانی چاہئیں تھیں وہ شاید نہیں ہوسکیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایسی حکومت آنی چاہیے جس کے پاس اکثریت ہو پانچ سال کا مینڈیٹ ہو اس ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے درد مندی سے اپیل کرتے ہیں معاملہ کو دیکھیں وہ شخص جس نے ملک کو اس حد تک پہنچا دیا اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو ملک کی صورتحال مشکلات سے دوچار ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سو فیصد متفق ہوں ملک کو پہلے ٹریک پر لانا ہے پھر احتساب کی بات ہو گی ،ملک کو بہتر کر لیں پھر ملک کو ٹریک سے نیچے لانے والوں کے بارے میں سوچا جائے گا۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv