
لاہور(نیوزڈیسک) ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ نوازشریف کو عدالتوں سے خصوصی معافی دلوانا بھی بےگناہ ثابت نہ کرسکا، خود کو مظلوم کہنے والا قومی مجرم آج تک ایک رسید بھی عدالت میں پیش نہ کر سکا، تاریخ گواہ ہے نوازشریف کی جعلی سیاسی زندگی ڈیلز اور ضمانتوں کا مجموعہ ہے۔ انہوں نے قائد ن لیگ نوازشریف کی گفتگو اور الزامات پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جاتی امراء کے نوسرباز، بزدل اور بھگوڑے کی چوروں کی بیٹھک گیدڑ بھبھکیوں، جھوٹ، خرافات، لغویات اور الزام تراشی کا مجموعہ ہے۔
بدزبان شخص کے گھر کے مکینوں کے کرتوتوں کو نام دینے کا سلسلہ شروع کیا تو یہ بےشرم ان سے بھی آنکھ نہیں ملا پائے گا، اس مجرم کو ریاستی پناہ میں واپس لا کر عدالتوں سے خصوصی معافی دلوانا بھی اسے عوام کی نگاہ میں بے گناہ اور معصوم ثابت نہ کرسکا، خود کو مظلوم کہنے والا قومی مجرم آج تک اپنے دفاع میں کوئی بھی رسید یا دستاویزات عدالت میں پیش نہ کر سکا، نواز شریف اور ان کے ٹبر کی لوٹ مار کے قصے کئی دہائیوں سے زبان زدِ عام ہیں جنہیں قوم کی یاداشت سے مٹایا نہیں جا سکتا، تحریک انصاف کے دور میں 17 سالہ بہترین معاشی کارکردگی کا اعتراف نواز شریف کے بھائی کی حکومت میں جاری کیے گئے اقتصادی سروے میں کیا گیا۔
شوباز شریف کی 17 ماہ کی نااہل حکومت میں ملکی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا گیا جس کا اعتراف ان کی اپنی جماعت کے رہنما کر چکے ہیں، ملک کے سیاسی عمل کو اپنی گھٹیا اور غیر اخلاقی حربوں پر مشتمل طرزِ سیاست سے آلودہ کرنے والے شخص کو اخلاقیات کا درس دیتے ہوئے شرم آنی چاہیئے، تاریخ گواہ ہے کہ تیسرے این آراو کے نتیجے میں خود کو سرخرو کہنے والے نوازشریف کی جعلی سیاسی زندگی ذلت آمیز ڈیلز اور ضمانتوں کا مجموعہ ہے، 40 سال سے ملک و قوم کو لوٹنے والا مجرم ایک اور ڈیل کے ذریعے اقتدار پر قابض ہو کر قومی وسائل پر ڈاکہ زنی کی تیاری کر رہا ہے، نواز شریف کو ملک پر مسلط کرنے کیلئے عدالتوں سے ملنے والا خصوصی ریلیف اورپروٹوکول بھی ان کی مایوسی میں کمی کی بجائے اضافے کا سبب بن رہیں۔
قوم پراجیکٹ نواز شریف کو مکمل طور پر مسترد کر چکی ہے اور اس کا عملی مظاہرہ 8 فروری کو ن لیگ کی سیاست دفن کر کے کرے گی۔
Comments