
اسلام آباد(نیوزڈیسک) جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے حق میں آواز بلند کر دی۔ سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کو جواز بنا کر کسی پارٹی کو دیوار سے لگانا اور انتخابی نشان سے محروم کرنا جائز نہیں۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فری اینڈ فیئر الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی دستوری ذمہ داری ہے۔
بدقسمتی سے الیکشن کمیشن ابھی تک فری اینڈ فیئر الیکشن اور لیول پلئنگ فیلڈ کا تاثر پیش نہیں کر سکی۔جب کہ نامور سیاستدان اور سابق سینیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر نے کہا کہ جن انتخابات کی کوئی اخلاقی حیثیت نہیں ہو گی، اس کے نتیجے میں بننے والی حکومت زیادہ مدت تک نہیں چل سکتی۔
انہوں نے پیشن گوئی کی کہ نواز شریف حکومت صرف ایک ماہ قائم رہے گی، جب میاں صاحب کو معلوم ہو گا کہ وہ اکیلے حکومت نہیں بنا سکتے تو الیکشن سے قبل ہی لڑائی شروع ہو جائے گی۔
جبکہ اس حوالے سے سینئر سیاستدان محمد علی درانی نے بھی کہا کہ جیسے جیسے نواز شریف کو ریلیف ملتا جا رہا ہے، وہ ویسے ویسے تصادم بڑھا رہے ہیں، ان کی حکومت بن بھی گئی تو زیادہ سے زیادہ سوا سال کیلئے ان کی حکومت قائم رہے گی۔ میاں صاحب واپس تو سلیکشن کے تاثر سے آئے تھے تاہم اب ان کی اکیلے کی حکومت نہیں بنے گی۔ آئندہ حکومت چوں چوں کو مربہ ہو گی، یعنی پی ڈی ایم کی حکومت ہو گی، یہ میاں صاحب پر ہو گا کہ آیا وہ ایسی حکومت خود کریں گے یا کسی سے کروائیں گے۔
محمد علی درانی نے مزید کہا کہ میاں صاحب جب سے پاکستان واپس آئیں ہیں وہ جلسے، گاڑی چلانے اور احتساب کی بات کرنے سمیت ہر بات میں عمران خان کی نقل کر رہے ہیں، عمران خان میاں صاحب کے اعصاب پر اتنا سوار ہو چکا کہ وہ ہر بات میں عمران کی نقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
Comments