
لاہور (نیوزڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپیل میں جائے گی تو انہیں بلے کا انتخابی نشان مل جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جے یو آئی ایف کے رہنما عبدالغفورحیدری نے ایک بیان میں کہا کہ کیا بانی پی ٹی آئی کوپھر سے ہم پر مسلط کیا جائے گا؟ پی ٹی آئی اپیل میں جائے گی تو بلا مل جائے گا، ہم تمام ترتحفظات کے باوجود الیکشن میں جارہے ہیں، مسلم لیگ ن سے کچھ لو اورکچھ دو کی بنیاد پربات ہوگی، پیپلزپارٹی جانتی ہے سندھ میں متبادل قوت جے یو آئی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ف اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں جماعتوں کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات کے حوالے سے بات چیت ہوئی، اس مقصد کے لیے ٹیلی فونک رابطہ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور جمعیت علماء اسلام کے حافظ نصیر احمد احرار کے درمیان ہوا۔
صوبائی ترجمان جے یو آئی ف نے بتایا کہ ٹیلیفونک رابطے میں الیکشن 2024ء کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات کے حوالے سے بات چیت ہوئی، دونوں جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو حتمی شکل دینے پر مشاورت ہوئی ہے، صوبہ بھر کی نشستوں کا سیٹ ٹو سیٹ جائزہ لینے کا فیصلہ ہوا ہے، معاملات حتمی مرحلے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ التواء کا شکار ہوچکی ہے، استحکامٍ پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ تاحال لٹکا ہوا ہے اور اس حوالے سے آئی پی پی کو اب بھی گرین سگنل کا انتظار ہے، اس حوالے سے ن لیگ اور آئی پی پی کی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس دوبارہ ہونے کا امکان ہے، تاہم استحکام پاکستان پارٹی نے اپنے امیدواروں کو تمام حلقوں سے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔
Comments