
لاہور (نیوزڈیسک) الیکشن کمیش کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسران کے کام میں مداخلت کسی صورت برداشت نہیں، پولیس نے کسی امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا تو کارروائی ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے اور پولیس کی مداخلت کی شکایات پر صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
اس موقع پر الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کرانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ دینی ہے، کاغذات نامزدگی جمع کرانا امیدواروں کا حق ہے، پولیس نے کسی امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا تو کارروائی ہو گی، شفاف الیکشن میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔
آئی جی پنجاب نے صوبائی الیکشن کمشنر کو تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آر پی آوز کو ہدایات جاری کر دی ہیں، شفاف انتخابات کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں، کوئی بھی افسر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو کارروائی کریں گے۔
ادھر وزیراعظم کے مشیر احد خان چیمہ کو عہدے سے نہ ہٹانے کے معاملے پر نگران حکومت کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران حکومت کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کا کیس 26 دسمبر صبح 10 بجے سماعت کے لئے مقرر کر لیا ہے، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے مشیر وزیراعظم احد چیمہ کو ہٹانے سے متعلق عملدرامد رپورٹ مانگی تھی، احد چیمہ کو مشیر کے عہدے سے ہٹانے کے لیے کوئی بھِی رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی، جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے احمد چیمہ کے معاملے پر سختی سے نوٹس لیا ہے اور الیکشن کمیشن 26 دسمبر کو احمد چیمہ کیس کی سماعت کرے گا۔
Comments