Social

-8 فروری کو انہیں پھر دل کی تکلیف ہونی ہے اور یہ علاج کیلئے لندن بھاگیں گے ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا رائیونڈ میں خطاب

لاہور/رائے ونڈ(نیوزڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی قیادت کو دل کی تکلیف ہوتی ہے تو لندن بھاگ جاتے ہیں ، انہیں پہلے بھی کہا تھا اتنی دور جانے کی ضرورت نہیں پیپلز پارٹی نے کراچی میں امراض قلب کے علاج کا بہترین ہسپتال بنایا ہے ،8فروری کو بھی آپ کو دل کی تکلیف ہونی ہے ،پیپلزپارٹی آپ کے مفت علاج کیلئے رائے ونڈ میں ہسپتال بنائے گی ،پیپلز پارٹی کے کارکنان دس نکاتی منشور کو گھر گھر پہنچائیں اور عوام کو یقین دہانی کرائیں پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو اپنے وعدوں اور منشور پر عملدرآمد کرتی ہے ،تمام سیای قوتوں کو بتا رہے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی ہر حلقے سے الیکشن لڑ رہی ہے ،ہم جیتنے کے لئے اور حکومت بنانے کے لئے لڑ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جاتی امراء رائے ونڈ میں سابق صوبائی وزیر چوہدری عبد الغفور کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اسلم گل ، جمیل منج سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔بلاول بھٹو نے چوہدری عبد الغفور کو پارٹی مفلر جبکہ چوہدری عبد الغفورنے بلاول بھٹو کو کلہ پہنایا ۔ بلاول بھٹو زرداری نے چوہدری عبد الغفور کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں کہ آپ نے نہ صرف ہمیں یہاں آنے کی دعوت دی بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی میں بھی شامل ہو گئے ہیں ، آپ این اے 125سے الیکشن بھی لڑ رہے ہیں، پیپلز پارٹی اس حلقے سے ڈٹ کر مقابلہ کرے گی ، تمام سیای قوتوں کو بتا رہے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی ہر حلقے سے الیکشن لڑ رہی ہے ،ہم جیتنے کے لئے لڑ رہے ہیں اور حکومت بنانے کے لئے لڑ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نفرت ،تقسیم اور گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے،ہم اپنا نظریہ اور منشور عوام کے پاس لے کر جائیں گے ، قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو ، محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے بھی اپنے منشور پر الیکشن لڑے ہیں ہم بھی اسی پر اپنے منشور پر الیکشن لڑیں گے ۔ کارکنوں نے گھر گھر جا کر لوگوںکو سمجھانا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا دس وعدے ہیں ، قائد عوام نے جو وعدے کئے وہ پورے کئے ، محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جو وعدے کئے وہ پورے کئے ،اب بھی پاکستان پیپلز پارٹی کو موقع ملے گا تو ہم اپنے وعدے پورے کریںگے ۔
ہمیں دس نکاتی ایجنڈا غریب دوستی کا پیغام ہے ، رائے ونڈ کے عوام کو سمجھانا ہے اگر غریبوں اور عام آدمی ، کسانوں، مزدوروں اورطلبہ کی حکومت حکومت بنانی ہے تو (ن) لیگ اور پی ٹی آئی وہ کام نہیں کر سکتی جو کام اور عوام کی نمائندگی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی پیپلزپارٹی کر سکتی ہے ۔آپ نے ہر گھر سے پوچھنا ہے آپ کا تنخواہ گزارا ہوتا ہے جواب آپ کو ناں میں ہی ملے گا ، ہم نے عوام کو سمجھانا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا پہلا وعدہ ہے ہمارے پاس ایک منصوبہ ہے کہ ہم نے عوام کی آمدن کو دو گنا کرنا ہے اور یہ کام صرف اور صرف پیپلز پارٹی کر سکتی ہے ،پیپلز پارٹی غریب خاندانوں کو تین سو یونٹس مفت بجلی فراہم کرے گی ،ہم عوام کو معیاری اور مفت تعلیم دینا چاہتے ہیں یہ کام بھی پیپلز پارٹی ہی کر سکتی ہے ،ہم ہر شخص کو معیاری علاج کی مفت سہولت فراہم کریں گے ، یہ ہوائی باتیں نہیں ہیں ، یہ (ن) لیگ یا پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں ہیں۔
میں سیاست میں اتنے طویل عرصے سے نہیں ہو ، یہ اپنی کارکردگی کی بات کرتے ہیں ، ہم نے سندھ میں دل ،گردے کے امراض سمیت جتنے بھی مہنگے علاج ہیں اس کی مفت سہولت دی ہے ،اب پاکستان کے عوام سے وعدہ ہے پنجاب کے عوام سے وعدہ ہے ،ہر ضلع میں آپ کے لئے معیاری علاج گاہ ہو گی ۔آپ کیا باتیں کرتے ہیں پنجاب میں یہ کر دیا ہے ، آپ بتائیں رائے ونڈ میں مفت علاج کا کوئی ہسپتال دیا ہے ،آپ کو دل کا تکلیف ہوتی ہے تو لندن بھاگ جاتے ہیں ، اس وقت بھی کہا تھا اتنا دور جانے کی ضرورت نہیں ہم نے کراچی میں امراض قلب کا جدید ہسپتال بنا دیا ہے، اگر آپ اس کو نہیں استعمال کرنا چاہتے تو الیکشن میں پیپلز پارٹی کی حکومت بن رہی ہے یہاں آپ کے لئے رائے ونڈ میں مفت علاج کا ہسپتال بنائیں گے ، اگلی بار ی بھی دل میں تکلیف ہونی ہے ،8فروری کو یہ ہونا ہے ،ہم یہاں آپ کے لئے مفت علاج کا ہسپتال بنا رہے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ قائد عوام نے پانچ مرلہ سکیم دی ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے سات مرلہ سکیم دی ، سندھ میں سیلاب متاثرین کے لئے 20لاکھ پکے گھر بن رہے ہیںاور اس کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام پر ہوں گے ۔ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمیننے پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کیا ،چار سال وزیر اعظم رہا لیکن ایک بھی گھر نہ دیا ، میںپاکستان کے غریب عوام کے لئے تیس لاکھ گھر بنا کر دوں گا اور اس کے مالکانہ حقوق خواتین کو دوں گا ، پیپلز پارٹی کی حکومت آئے گی تو کچی آبادیوں کو بھی مالکانہ حقوق دیں گے۔
انہوںنے کہا کہ صدر آصف زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا انقلاب پروگرام شروع کیا، اسے کبھی میاں صاحب اور کبھی پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے بند کرنے کی کوشش کی ، اس میں کٹوتی کرنے کی کوشش کی ،ہم نہ صرف بینظیر انکم سپورٹ کے حجم میں اضافہ کریں گے گے بلکہ اس کے ساتھ وسیلہ حق، وسیلہ تعلیم، وسیلہ روزگار کے پروگرام بھی بحال کریںگے ۔
ہم نے ملک کی غریب ترین عورتوں کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام متعارف کرائے ، اب بینظیر مزدور کارڈ لے کر آئیں گے ،اس کے ذریعے تمام سہولیات دیں گے ، اربوں روپے انڈسٹری کو دینے کی بجائے بینظیر کارڈ کے ذریعے براہ راست زمیندار کو دیں گے اورچھوٹے کسانوں کو فائدہ پہنچائیں گے،ہم یوتھ کارڈ بنائیںگے اور جو نوجوان تعلیم حاصل کرنے کے بعد ڈگریاں ہاتھ میں لے کر دھکے کھا رہے ہوتے ہیں اس سے انہیں مالی معاونت ملے گی ،جوطلبہ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ان کے پاس وسائل نہیں ہوتے ان کے لئے قرضے کی سکیم لائیں گے اور وہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد جب روزگار پر کھڑے ہوںتو یہ قرضہ واپس کر دیں ۔
پیپلز پارٹی ملک بھر میں یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹائو پروگرام شروع کرے گی ،ہم تمام وعدے پورے کریں گے کیونکہ ہمارا ٹریک ریکارڈ ہے ، ہم نے پرانی سیاست ،تقسیم اور نفرت کی سیاست کو دفن کرنا ہے ہم غریب کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، عوام پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں ہم ملک اورعوام کی قسمت بدلیں گے۔ انہوںنے کہا کہ میں واضح کہتا ہوں پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی ،پاکستان مسلم لیگ سمیت کسی سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں ، ہمارا مقابلہ غربت ،بیروزگار اور مہنگائی سے ہے ، ہم نے غربت کو ختم کرنا ہے مہنگائی اور بیروزگاری کامقابلہ کرنا ہے ، عوام تیر پرمہر لگ کامیاب کرائیں، ہمیں موقع ملے تاکہ ہم آپ کی خدمت کریں ۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv