
اسلام آباد (نیوزڈیسک) چیف الیکشن کمشنر نے کشمور میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں چار ملازمین کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے چیف الیکشن کمشنر سے سکندر سلطان راجہ اور ممبران الیکشن کمیشن نے ملازمین کی المناک وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے ۔
جبکہ سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں گیس لیکیج سے الیکشن کمیشن کے 4 ملازمین کی موت کے واقعے کو لواحقین نے سازش قرار دیتے ہوئے انکوائری کا مطالبہ کردیا۔ لواحقین نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت قتل کیا گیا،مقتولین کے جسم پرنشانات ہیں، انتظامیہ قتل کومعمولی واقعہ قرار دیکر تدفین کروانا چاہتی ہے۔
الیکشن کمیشن نے آفس میں 4 ملازمین کی دم گھٹنے سے موت ہونے کے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ، وفات پانے والوں میں الیکشن آفیسر، دو ڈیٹا انٹری آپریٹر اور سب اسسٹنٹ شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے مرحومین کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ کندھ کوٹ میں الیکشن کمیشن آفس سے چار ملازمین کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔ کندھ کوٹ میں الیکشن کمیشن آفس ملنے والی لاشوں کی تفصیلات بھی سامنےآئیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مرنے والے تین ملازمین کا تعلق لاڑکانہ اور ایک کا تعلق کندھ کوٹ سے ہے۔ الیکشن کمیشن کے ملازمین ای ایم ایس میں پولنگ عملے کی ڈیٹا انٹری کر رہے تھے۔الیکشن کمیشن کے ملازمین پر ڈیٹا انٹری جلد مکمل کرنے کا دباؤ تھا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ ملازمین کمرے میں سو رہے تھے، گیس لیکج کے باعث جاں بحق ہوئے۔اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔
Comments