Social

عوام 8 فروری کوخوشحالی اور ترقی کیلئے اپنے ووٹ کاحق استعمال کریں گے۔ صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف کی نیوزکانفرنس

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام 8فروری کوخوشحالی اور ترقی کیلئے اپنے ووٹ کاحق استعمال کریں گے،پارٹی منشور کا اعلان چند روز میں نوازشریف خود کریں گے، 2017میں ڈنڈے اور بلے سے ترقی کا جوسفر روکا گیا،وہ نوازشریف کی قیادت میں دوبارہ شروع ہوجائے۔ انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام 8فروری کو اپنے ووٹوں کے ساتھ فیصلہ کردیں گے کہ پاکستان کا مستقبل کس جگہ پر کھڑا ہوگا، مجھے کوئی شک نہیں کہ 25کروڑ عوام ملک کی خوشحالی اور ترقی کیلئے اپنا حق استعمال کریں گے، بڑی سمجھ بوجھ کے ساتھ ماضی میں جھانکیں گے اور مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے، وہی فیصلہ ہم سب کو قابل قبول ہوگا۔
مسلم لیگ ن نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے، ن لیگی قیادت اور سب مل کر بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے۔

میری نظر میں یہ الیکشن پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔ جیسا کہ آپ نے دیکھا 2017میں نوازشریف جو وزیراعظم تھے، انکی شبانہ روز محنت سے پاکستان ترقی کی طرف تیزی کے ساتھ گامزن تھا، دن رات بجلی اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے کام ہورہا تھا، زراعت صنعت کو ترقی دی جارہی تھی، 2017اور 2018 کے وسط میں لوڈشیڈنگ ختم ہوچکی تھی، 2013میں نوازشریف نے کہا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا، لیکن محنت کی اور 2017میں لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی۔

اگر ثاقب نثار جو مہرہ تھا، اس کے ذریعے نوازشریف حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو آج پاکستان شدید معاشی چیلنجز کا شکارنہ ہوتا، اس دور میں زراعت صنعت نے ترقی کی، جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد سے زیادہ ہوگئی تھی، اندازے یہ تھے کہ نوازشریف اگلے 5سالوں میں ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں گے۔ مگر ایک سازش ہوئی اور ہر چیز تہہ وبالا ہوگئی، شدید ترین مہنگائی کا طوفان آیا، آئی ایم ایف معاہدے کو توڑا گیا، سفارتی تعلقات مجروح ہوئے، کس طریقے سے پاکستان کے معاشرے میں زہر گھولا گیا، تقسیم در تقسیم کردی گئی۔
اس کو ختم کرنے کیلئے نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا، قوم کو اکٹھا کرکے دن رات محنت کرنا ہوگی۔ یہ کام ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ 2017میں ڈنڈے اور بلے سے ترقی کا سفر روکا گیا، نوازشریف کی خواہش ہے کہ دوبارہ ترقی کا وہ سفر شروع ہوجائے۔اندازہ کرلیں کہ قوم کے 6، 7سال کس طرح ضائع کئے گئے ، ہم نے 16ماہ کی حکومت میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔ اگر ملک دیوالیہ ہوتا تو عوام کو ایک وقت کی روٹی نہ مل پاتی، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوجاتے، صنعت زراعت کاروبار ٹھپ ہوجاتے۔
ہم نے سیاسی قیمت ادا کی، لیکن ہمیں ایک سیکنڈ کیلئے بھی ملال نہیں، سیاست نہ بچتی ریاست بچ گئی یہ کوئی قیمت نہیں ، جب ریاست بچ گئی تو سیاست بھی بچ جائے گی۔ پارٹی منشور کا اعلان چند روز میں نوازشریف خود کریں گے۔ نوازشریف نے پاکستان کی جس طرح خدمت کی وہ ایک مثال ہے۔ پاکستان میں سوئی گیس ختم ہونے کو ہے، تھوڑی بہت گیس سندھ اور کے پی میں ہے، تیل بھی ہمارے پا س نہیں ہے، ہم اربوں ڈالر خرچ کرکے یہ سب حاصل کرتے ہیں۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv