
اسلام آباد (نیوزڈیسک) پی ٹی آئی کے امیدوار سلمان اکرم راجہ نے خود کو آزاد امیدوار قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ۔ سلمان اکرم راجہ نے وکیل سمیرا کھوسہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔درخواست میں الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف 1996 سے الیکشن کمیشن میں بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہے۔
درخواست گزار این اے 128 سے پی ٹی آئی سے حمایت یافتہ امیدوار ہے۔ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرنے پر انتخابی نشان واپس لیا گیا ہے پارٹی تاحال موجود ہے۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں بطور آزاد امیدوار ڈیکلیئر کردیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد امیدوار ڈیکلیئر کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔
بیلٹ پیپر پر پی ٹی آئی کا امیدوار درج کرنے کا حکم دے۔خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ بار نے سپریم کورٹ کے پاکستان تحریک انصاف کو بلے کے نشان سے محروم کرنے کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سیکرٹری لاہور ہائی کورٹ بار صباحت رضوی نے مؤقف اپنایا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا برابر حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں پس پشت ڈال کر الیکشن کرانے کی تیاری کررہا ہے۔
انہوںنے کہاکہ ایسے حالات میں صاف، شفاف اور منصفانہ الیکشن کا انعقاد نا ممکن ہے۔یاد رہے کہ 13 جنوری کو سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کو بلے کا انتخابی نشان واپس کرنے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست اور پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے محروم ہوگئی -
Comments