
لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل روکنے کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے سابق چیرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل روکنے کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں جہاں جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 29 جنوری کو سماعت کرے گا، اس حوالے سے عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو مزید دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کررکھی ہے، عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق بھی دلائل طلب کررکھے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل ٹرائل روکنے کی استدعا کر رکھی ہے، اس کے علاوہ سابق چیرمین پی ٹی آئی نے توہین الیکشن کمیشن کی کاروائی روکنے کی استدعا بھی کر رکھی ہے۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت انتخابات کے بعد تک ملتوی کردی، عمران خان اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین اور فیصل چودھری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ میں آپ کے حکم کے مطابق حاضری لگانے آ گیا ہوں، میری درخواست ہے کہ سماعت ملتوی کر دی جائے، 8 فروری کے بعد سماعت رکھ لیں، انتخابات تک کمیشن بھی مصروف ہے، تاثر جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک جماعت کے خلاف ہے‘، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی وکیل کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت انتخابات کے بعد تک کے لیے ملتوی کردی۔
Comments