
اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے وکلاء نے سائفر کیس کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ جو اپیل لکھی جائے گی اس پر جو بھی جج سماعت کریں گے تو انہیں شاید دلائل سننے کی بھی ضرورت نہ پڑے، وہ اپیل پڑھ کر ہی کہہ دیں گے کہ یہ فیصلہ برقرار نہیں رہ سکتا کیوں کہ ہم نے تو جرح ہی نہیں کی، جتنے بھی گواہان تھے ان پر جرح تو کسی اور نے کی ہے، جو کچھ بھی ہورہا ہے یہ قانونی نہیں ہے، سب کچھ غیر آئینی و غیر قانونی ہے، ایسا کبھی نہیں ہوا اور اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، ماضی ایسے ٹرائل اور ایسے فیصلے کبھی کسی نے نہیں دیئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایک طریقہ کار ہے جس کی وجہ سے تاخیر ہوتی ہے مگر ہم نے چیف جسٹس اسلام آباد ہوئی کورٹ کو پیغام پہنچا دیا اور ان کو وضاحت بھی کردی ہے کہ ہماری درخواستیں عدالت میں آچکی ہیں ان پر نمبر بھی لگ چکے ہیں انہیں سنا جائے اور ایک بار یہ کیس ہائیکورٹ میں لگ جائے تو دس سے بارہ منٹ میں سزا ختم ہوجائے گی۔ اس حوالے سے شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے کہا کہ ہمارے دلائل تو ہوئے ہی نہیں اگر ہم عمران خان اور شاہ محود قریشی کی جانب سے بطور وکلاء جرح کرسکتے تو جج کوئی بات کرتے، یہ ٹرائل اسلام آسلام آباد ہائی کورٹ پہلے 2 بار کالعدم قرار دے چکی ہے، اب تیسری دفعیہ یہ ٹرائل چل رہا تھا اور مسلسل غیر قانونی طریقے سے اس کو چلایا جارہا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں آج کے فیصلے پر مایوسی ضرور ہے لیکن ہم پریشان نہیں ہیں کیوں کہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے تو یہ کیس ہائیکورٹ میں 10 منٹ بھی نہیں چلے گا کیوں کہ رات بارہ بجے تک جس طرح یہ کارروائی چلتی رہی تو یہ معاملہ اعلیٰ عدلیہ کا کوئی بھی جج اس فیصلے کو فارغ کردے گا۔
Comments