
اسلام آباد(نیوزڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ منتقلی کے بعد سب جیل کا پورا کنٹرول انتظامیہ نے سنبھال لیا۔سنو نیوز کے مطابق عمران خان کے گھر انٹری پوائنٹ پر پولیس انتظامیہ کے اہلکار تعینات کر دئیے گئے۔گھرکے سارے ملازمین کو ضروری ڈیٹا حاصل کرنے کے بعد روانہ کر دیا گیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے تفویض اختیارات اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی کی درخواست پر بشریٰ بی بی کی قید کے لئے خان ہائوس بنی گالا کو سب جیل قرار دیدیا تھا۔ چیف کمشنر اسلام آباد آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیف کمشنر کی ہدایات پر No.7(2)-Admin./2024-279 ضابطہ فوجداری 1860 کے سیکشن 541 کے تحت حاصل اختیارات ،جیل ایکٹ، 1894 کے سیکشن 3 کے ساتھ پڑھتے ہوئےدیگر تمام اختیارات اور وزارت انصاف اور پارلیمانی امور کے نوٹیفکیشن نمبر F.17(2)/80-Pub مورخہ 31-12-1980، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (ایڈمنسٹریشن) آرڈر، 1980 (P.O.No. 18) کے آرٹیکل 2 کی تعمیل میں جاری کیے گئے 1980 کے صدر آرڈر 2 آف 1990، اور سپرنٹنڈنٹ آف سنٹرل جیل، راولپنڈی کی درخواست کے مطابق، خط نمبر 4713، مورخہ 31 جنوری 2024 کی روشنی میں خان ہائوس بنی گالہ کے رہائشی کمپائونڈ موہڑہ نور اسلام آبادکو بشریٰ بی بی کی قید کے لئے آئندہ احکامات تک سب جیل قرار دیا گیا۔
بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی تھی۔گذشتہ روز بتایا گیا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سزا سنائے جانے کے بعد سابق وزیراعظم کی اہلیہ نے اڈیالہ جیل پہنچ کر از خود گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا جس کے بعد وہ گرفتاری دینے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچیں اور گرفتاری دے دی، جس پر ویمن پولیس نے بشری بی بی کو گرفتار کر لیا تھا۔
Comments