
لاہور (نیوزڈیسک) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ساتھ لاہور اور پنجاب کے دیگر مختلف شہروں فیصل آباد، صفدر آباد، گجرات، شرقپور شریف، جہلم، سانگلہ ہل اور منڈی بہاء الدین سمیت مختلف علاقے بھی بادل خوب برسے جہاں رات گئے گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا جب کہ محکمہ موسمیات نے وقفے وقفے سے مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔
بتایا جارہا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، شدید برفباری کے باعث مری میں سیاحوں کا داخلہ بند ہوچکا ہے، ملک بھر کے بالائی علاقوں میں ہونے والی برفباری سے سڑکیں، درخت، گاڑیاں ہر چیز برف سے ڈھک چکی ہے، بالاکوٹ میں شوگران سری پائے پر پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، گلگت بلتستان، ناران کاغان، گلیات، مری اور سوات میں کئی فٹ برف ریکارڈ کی گئی ، جھیل سیف الملوک لولوسر پر چار فٹ تک برف باری ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ شدید برفباری کے باعث ایکسپریس وے پر ٹریفک جام ہو کر رہ گیا، مری ایکسپریس وے سمیت کئی شاہراہوں پر پھسلن کے باعث کئی گاڑیاں پھنس گئی ہیں جب کہ مری کی سیر کو جانے والے کئی سیاح گاڑیوں میں محصور ہوگئے ، جس کے باعث مری میں سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا ، تاہم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری نے جاڑے کی شدت بڑھا دی ہے، آئندہ چند روز تک پہاڑوں پر بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہے گی۔
بتایا گیا ہے کہ 4 فروری تک ملک میں مزید بارشوں کا امکان ہے کیوں کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثراندز ہو رہا ہے، سندھ میں بھی جمعہ اور ہفتے کے روز ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع کی جا رہی ہے، اسی طرح پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی 4 فروری تک وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا، علاوہ ازیں خیبرپختونخوا میں بھی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، شوگراں، سری پایہ ، مکڑہ پیک پر برف پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ، ناران جھیل سیف الملوک، لولوسر لیک پر چار فٹ برف ریکارڈکی گئی۔
Comments