
لاہور (نیوزڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈبل سٹوری انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن کے قریب اپنی نوعیت کے پہلے منفرد میگاپراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا، اس منصوبے کو رستم زماں دی گریٹ گاما کراسنگ کا نام دیا گیا ہے، ڈبل سٹوری انڈرپاس پاکستان میں اپنی طرز کا پہلا انڈر پاس ہوگا، جس کا لیول ون پر انڈر پاس برکت مارکیٹ سے کینال روڈ کی طرف جائے گا، یہ انڈر پاس700 میٹر طویل ہوگا، لیول ٹو انڈرپاس 1.4 کلومیٹر طویل ہوگا اور لیول ٹوانڈر پاس جناح ہسپتال سے برکت مارکیٹ کی طر ف جائے گا، بھیکے وال موڑ پر ایک یوٹرن اور کینال روڈ پر بھی ایک یو ٹرن بنایا جائے گا۔
اس حوالے نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قومی ہیرو ورلڈ چیمپئن گاما پہلوان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے، رستم زماں کا نام ہمیں قوت اور ہمت دیتا ہے، خوشی ہے سی بی ڈی پنجاب کی ٹیم پہلی بار ایک ساتھ دو انڈرپاسز بنا رہی ہے، منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے، اس سے برکت مارکیٹ، کینال روڈ، جناح ہسپتال اور اقبال ٹاون کی طرف جانے والی ٹریفک مستفید ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ نیسپاک کی ٹیم بھی تعریف کی مستحق ہے جنہوں نے ایک خوبصورت ڈیزائن تیار کیا ہے، اگرچہ اس منصوبے کی مدت تکمیل 6 ماہ رکھی گئی ہے لیکن امید ہے یہ منصوبہ وقت سے قبل مکمل ہوگا، چاہتا ہوں یہ منصوبہ تین سے چار ماہ کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام اس بڑے منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں کیوں کہ اس منصوبے سے ٹریفک کی روانی میں حائل روکاوٹیں دور ہونے سے ایندھن اور وقت کی بچت ہوگی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پورے علاقے میں ٹریفک کی روانی کا بہت بڑا مسئلہ تھا، سی بی ڈی کا کانسپٹ ہے انہوں نے اپنے علاقے میں ترقیاتی کام کرنا ہے، اس سے ملحقہ راستے بھی تاکہ لوگوں کے لیے سی بی ڈی پہنچنا اتنا ہی آسان ہو جتنا کسی بھی شہر کے علاقے میں پہنچنا، سی بی ڈی نے مین بلیووارڈپردو انڈر پاسز بنائے، سی بی ڈی نے گھوڑا چوک والا فلائی اوور اور گھوڑا چوک اوروالٹن روڈ پراجیکٹ پر کام کیا، سی بی ڈی چیل چوک پر کام کررہی ہے، سی بی ڈی نے پاکستان کا پہلا ڈبل سٹوری انڈر پاس پر کام شرو ع کردیا ہے۔
Comments