
اسلام آباد(نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کے لیے ہدایات جاری کر دی گئیں۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنے کے لیے اصلی شناختی کارڈ کا ساتھ ہونا لازم ہے ۔ شناختی کارڈ کی کاپی یا سافٹ کاپی ووٹ ڈالنے کے لیے قابل قبول نہیں۔ زائد المعیاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالا جا سکتا ہے۔۔ شناختی کارڈ کے علاوہ کوئی دستاویز مثلا پاسپورٹ، بے فارم یا ڈرائیونگ لائسنس قابل قبول نہیں۔
پولنگ اسٹیشن کے اندر ووٹر اپنا اصل شناختی کارڈ پریذاڈنگ افسر کو دے۔ پولنگ افسر ووٹر کے دائیں انگوٹھے پر ان مٹ روشنائی سے نشان لگائے گا۔ پریزاڈنگ افسر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی ووٹر فہرست میں ووٹر کی تصویر کے سامنے انگوٹھے کا نشان لگوائے گا۔
پریزاڈنگ افسر ووٹر کا نام ووٹر فہرست سے کاٹے گا۔ اسسٹنٹ پریزائنگ افسران قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے لیے آپ کو بیلٹ پیپرز دے گا۔
قومی اسمبلی لے لیے سبز اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر دیا جائے گا۔ ووٹرز ووٹنگ اسکرین کے پیچھے صوبائی اور قومی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز پر مہر لگائیں گے۔دوسری جانب عام انتخابات کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے انتخابی مہم چلانے کا آخری روز چھ فروری مقرر کر دیا گیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں تمام سیاسی جماعتوں کو مطلع کر دیا گیا، الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی سیکشن 182 کے تحت چھ فروری 2024 اور سات فروری 2024 کی درمیان شب 12 بجے تک انتخابی مہم چلائی جا سکے گی۔
پریس ریلیز کے مطابق مقرر کردہ وقت کے بعد کوئی بھی شخص کسی بھی جلسے جلوس، کارنر میٹنگ یا اس نوعیت کی سیاسی سرگرمی کا نہ تو انعقاد کرے گا نہ ہی اس میں شرکت کرے گا۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کوئی بھی شخص جو قانون کی مذکورہ بالا شق کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments