Social

انٹراپارٹی انتخابات کیس،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد کر دیں

اسلام آباد(نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹراپارٹی انتخابات سے متعلق پی ٹی آئی کی 4متفرق درخواستیں مسترد کردیں، تحریک انصاف کے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے تفصیلی فیصلے تک کیس التوا کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی،بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تفصیلی فیصلے میں کہاگیا ہے کہ پی ٹی آئی کے حالیہ انٹرا پارٹی انتخابات کا سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے سے کوئی تعلق نہیں۔
تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراض دور کئے بغیر سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جا سکتا۔فیصلے میںیہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ اور رولز کے تحت الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی الیکشنز کی چھان بین کر سکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو تسلیم کر رکھا ہے۔ الیکشن کمیشن نے چاروں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کی تھی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے دائرہ اختیار اور سپریم کورٹ کی وضاحت آنے تک کیس کو زیر التوا رکھنے کی تحریک انصاف کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیاتھا۔الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت ہوئی۔ تحریک انصاف کی جانب سے نئے وکیل عزیر بھنڈاری پیش ہوئے تھے۔وکیل عزیر بھنڈاری نے اپنے دلائل میں کہا تھاکہ ہم نے چار درخواستیں دائر کروائی ہیں، ایف آئی اے نے چھاپا مار کر ہمارا تمام ریکارڈ ضبط کر لیا تھا۔
ہمارے پاس اصل دستاویزات اور الیکٹرانک ریکارڈ بھی موجود نہیں۔اس موقع پر رہنماءپی ٹی آئی بیرسٹر گوہرکا کہنا تھا کہ آپ نے ویڈیو دیکھی ہے ہمارا واٹر ڈسپنسر بھی لے گئے تھے۔وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا تھاکہ الیکشن کمیشن ہدایت دے تو ریکارڈ ایف آئی اے سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ایک سوالنامہ بھیجا تھا جس کا پہلا سوال تھا کہ تحریک انصاف کی اب کیا حیثیت ہے۔
اس سوال کا جواب سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سے متعلق شارٹ آرڈر میں آگیا تھا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت تھی اور ہے۔ممبر خیبرپختونخواہ نے کہا تھاکہ ہم نے یہ نہیں کہا کہ تحریک انصاف ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت نہیں تھی۔وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا تھاکہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر لیا جائے تو اس بات کی وضاحت ہو جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ سے وضاحت مانگی تھی۔ اس درخواست میں الیکشن کمیشن نے کہا تھاکہ تحریک انصاف کا کوئی انتظامی ڈھانچہ نہیں تھا۔ہم الیکشن کمیشن کی اس بات کو تسلیم نہیں کرتے۔


اس خبر پر اپنی راۓ کا اظہار کریں

RATE HERE


آپ کا نام


آپکا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا

آپکا ای میل ایڈریس


آپنا تبصرا لکھیں
Submit

Comments

اشتہار



مزید پڑھیں
tml> Tamashai News Tv