لاہور (نیوزڈیسک) صوبہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 33 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ادارے کی جانب سے لاہور، گجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، ننکانہ صاحب، حافظ آباد، رحیم یار خان اور بھکر کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، دھما خیز جیکٹ، ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر، 26 حفاظتی فیوز وائر، ہزاروں گولیاں اور بڑی مقدار میں اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی جب کہ اس دوران پکڑے جانے والے دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی شناخت خبیب احمد، سیف اللہ، ظہیر احمد، احمد، حافظ مطلوب، حمزہ جاوید سے ہوئی۔
ادھر صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ مہمند میں سکیورٹی فورسز نے غلنئی ہیڈ کوارٹرز میں داخلے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گرد ہلاک کردیئے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ دہشت گردوں نے غلنئی ہیڈ کوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی، ایک گروپ نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش لیکن اس حملے کو پسپا کردیا گیا اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیمپ میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جس کے نتیجے میں 4 خارجی ہلاک ہوگئے، چاروں خوارج خودکش بمباروں کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا، علاقے میں کسی اور خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیرملکی شہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں کیلئے آئندہ بھی زمین تنگ رہے گی، دہشتگردی کے پھیلاؤ میں ملوث بیرونی طاقتوں کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ تمہارے مذموم ارادوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم فتنے کو جہاں پائیں گے سرکوبی کریں گے، جب تک اس فتنے کا اختتام نہ ہوجائے، دہشتگردوں کے خاتمے کی اس طویل جنگ میں نا صرف افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے، غیوم عوام ، بالخصوص خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے بہادر عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، یہ قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا سنہری باب ہیں۔
Comments