اسلام آباد (نیوزڈیسک) اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی جلسہ گاہ کے قریب سے بارودی مواد برآمد ہوگیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے ناکارہ بنا دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ کے پاس سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچر ، ڈیٹونیٹر اور ہم برآمد ہوئے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں، پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا تاہم جلسہ گاہ کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی، امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، ، جلسے کی سکیورٹی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے راولپنڈی اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کردی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر آج پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی گئی ہے اس حوالے سے میٹرو بس انتظامیہ نے راولپنڈی صدر اسٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ تک بس سروس بند کردی ہے، راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ فیض آباد کے مقام پر بھی میٹرو بس سروس مکمل سیل کردی گئی ہے، اس کے علاوہ پی ٹی آئی جلسے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے اسلام آباد ایکسپریس وے کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، اس حوالے سے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں کو ملانے والے متبادل راستے کھلے ہوئے ہیں۔
Comments