لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے سیاست میں متحرک ہونے اور پارٹی کو منظم کرنے کے لیے ملک گیر دورے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف پارٹی کو منظم کرنے کیلئے سینئر پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے، اس مقصد کے لیے نوازشریف سب سے پہلے بلوچستان کا دورہ کریں گے، اس کے بعد سندھ اور پھر خیبر پختونخوا کا دورہ ہوگا، تینوں صوبوں کے بعد نوازشریف کی جانب سے پنجاب کے مختلف اضلاع کے بھی دورے کیے جائیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ اپنے دوران کے دوران نوازشریف پارٹی رہنماؤں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، بلوچستان میں پارٹی کو از سر نو متحرک کرنے کیلئے تنظیم نو کے حوالے سے فیصلے کریں گے، پارٹی کے مخلص اوردیرینہ ساتھیوں کو اعلیٰ تنظیمی عہدے دیئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں مسلم لیگ ن کی نئی تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا، اس سلسلے میں تحصیل کی سطح تک پارٹی کی تنظیم سازی کیلئے مشاورت کا عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے، نواز شریف کی حتمی منظوری سے نئی تنظیم سازی کا اعلان کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں چاروں صوبوں میں یونین کونسل تک تنظیم سازی کاعمل مکمل کیا جائے گا۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں بدلنے کے رجحان نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، 4 سال نالائقوں کے ہاتھ میں حکومت رہی، 40 سالہ ترقی کو 4 سال میں تباہ وبرباد کردیا گیا، شہبازشریف کا ترقی کرتا ہوا پنجاب ملتا تو بہت تیزی سے آگے بڑھتے، شہبازشریف کے دور میں جو دن رات محنت ہوئی وہ چند سالوں میں تباہ کر دی گئی۔
انہوں نے کہا محنت کی ہے لیکن چھ ماہ میں مثالی بہتری کا دعوی نہیں کر سکتے، عوامی نمائندہ ہوں، عوام کی بہتری کے لیے کبھی چھٹی نہیں کی، میرا کام سے چھٹی نہ کرنا کسی پراحسان نہیں بلکہ میرا فرض ہے، جتنا بھی کام کرلوں اپنے کام سے کبھی مطمئن نہیں ہوتی، باقی باتیں کرتے رہیں، پانچ سالوں میں کوئی اتنی سکیمیں نہیں لاسکتا جو چھ ماہ میں ہم کرچکے ہیں۔
Comments