راولپنڈی (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کل کا احتجاج مؤخر کردیا گیا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ملک بھر میں کل پی ٹی آئی کا احتجاج مؤخر کردیا گیا ہے جلد نئی تاریخ کا اعلان ہوگا، تب تک حکومت کو ایک اور موقع دے رہے ہیں لیکن ظلم اور جبر سے آئینی ترمیم نہیں ہوسکتی، قاضی کی ایکسٹینشن کیلئے آئینی ترمیم کو ہر جگہ روکیں گے اور اس کے لیے عوام تیار رہے کیوں کہ ہم کال دینے والے ہیں، کرک اور لاہور کا جلسہ ہوگا، اگر جیل ہماری منتظر ہے تو ہم جیل کے منتظر ہیں لیکن ہم آگے بڑھیں گے اور اپنی منزل پائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے آج طویل ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی کا قوم کیلئے ایک ہی پیغام ہے کہ اس وقت ملک میں کوئی قانون نہیں ہے، ریاست آئینی ترمیم کے سلسلے میں دباؤ ڈالنےکیلئے لوگوں کی بیٹیوں کو اغواء کر رہی ہے، عمران خان نے کہا مستقبل اب عوام کے ہاتھ میں ہے، موجودہ حکمران اقتدار پر جعلی طریقے سے قابض ہیں، پاکستان کو حقیقی فلاحی و جمہوری ملک بنانا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی رہنمائوں کی حالیہ گرفتاریوں پر ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، یہ فیصلہ پشاور میں پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت مرکزی قائدین نے شرکت کی تھی، اجلاس میں مشاورت کے بعد پی ٹی آئی قیادت نے پارٹی رہنماؤں کی حالیہ گرفتاریوں پر ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا، اجلاس میں طے پایا تھا کہ احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جمعے سے شروع کیا جائے گا، ساتھ ہی اسمبلی کے فلور پر بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کی جائے گی۔
Comments